پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہمیشہ کہا ہے کہ پاکستان سے باہر نہیں جائوں گا۔
خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مفروضے بنائے جاتے ہیں اور شوشے چھوڑے جاتے ہیں جن کا مقصد تحریک کو نقصان پہنچانا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کبھی نہ خواہش ظاہر کی اور نہ سوچا کہ ملک چھوڑ کر جائیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے وزیر اعلیٰ بنایا، ان کی حکومت ہے، ان کا مینڈیٹ ہے، بانی کا اعتماد ہے تو میں یہاں بیٹھا ہوں، سازشوں کا حصہ بننے والے بانی کے نہیں مخالفین کے ایجنڈے پر ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ مذاکرات سے مسائل کو حل کرنا چاہیے، آپریشن مسئلے کا حل نہیں، پہلے بھی آپریشن کرچکے ہیں لیکن کامیابی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں افغانستان سے تعلقات ٹھیک کرنے پڑیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ لوگوں کے اعتماد کے بغیر نہ جنگ لڑ سکتے ہیں اور نہ جیت سکتے ہیں، لوگوں کا اداروں پر اعتماد بحال ہونا ضروری ہے، حکومت، اداروں اور عوام میں اعتماد نہیں ہوگا تو کامیابی حاصل نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل پر کھل کر بات نہ ہو تو چھوٹا مرض کینسر بن جاتا ہے، جب تک امن نہیں ہوگا ترقی نہیں ہوسکتی، عوام کے اعتماد کے ساتھ دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔
دریں اثناء یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میںعلی امین خان گنڈاپور نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس نے امن عامہ کے قیام ، عوام کے جان و مال اور قومی املاک کے تحفظ کیلئے فرض شناسی کے انمٹ نقوش ثبت کئے ہیں اور پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے خیبر پختونخوا پولیس نے ہر محاذ پر شر پسند اور سماج دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اس خطے میں امن کی بحالی کیلئے جو شہادتیں پیش کیں وہ تاریخ کے اوراق میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔
یہ شہداء ہمارے محسن ہیں اور ہم ہمیشہ ان کے احسان مندر ہیں گے۔ ہم اپنے ان عظیم شہداء کو خراج عقیدت اور ان کے لواحقین کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں اور افسران کی تنخواہوں کو بلوچستان اور پنجاب پولیس کے برابر کردیا ہے جو ان کا حق تھا۔