کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے انتظامی افسران کے اعلیٰ سطح اجلاس میں حکم دیا ہے کہ صوبے کے ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا اور قومی پرچم لہرایا جائے گا۔اجلاس میں حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو بلوچستان میں امن و امان اور سروس ڈلیوری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
فیصلہ کیا گیا کہ ریاست مخالف پروپیگنڈوں اور سرگرمیوں میں ملوث سرکاری افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی، سرفراز بگٹی نے تمام کمشنرز اور ضلعی افسران کو ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
فیصلہ کیا گیا کہ ریاست مخالف عناصر کو فورتھ شیڈول میں شامل کر کے منفی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی، جن تعلیمی اداروں کے سربراہان احکامات کی پابندی نہیں کروا سکتے، وہ دست بردار ہو جائیں۔سرفراز بگٹی نے کہا امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے، صوبے میں کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی، ہر ضلعی افسر اپنے علاقے میں ریاستی رٹ قائم کرنے کا ذمہ دار ہے۔
پالیسی حکومت دیتی ہے لیکن عمل درآمد فیلڈ افسران کی ذمہ داری ہے، کوئی انفرادی اور ذاتی سوچ ریاست کی پالیسی سے بالا تر نہیں، کوئی بھی افسرحکومت کی پالیسی پر عمل درآمد نہیں کر سکتا تو عہدہ چھوڑ دے۔انھوں نے کہا کسی چیک پوسٹ پر بھتہ خوری نہیں چلے گی، ایسی کوئی بھی مصدقہ شکایت ملی تو متعلقہ ایس ایچ او نہیں رہے گا، ریاست مخالف عناصر کے سامنے نہیں جھکنا۔