پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش،فورسزنے16دہشتگردمارڈالے

راولپنڈی/پشاور:سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خوارج دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے16خوارج کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں خوارج نے دراندازی کی کوشش کی جسے سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ22اور 23 مارچ کی شب خوارج نے پاک افغانستان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام16خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے موثر بارڈر مینجمنٹ کا مطالبہ کررہا ہے۔

توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت دہشت گردوں کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پوری قوم اپنی بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آپریشن کلین اپ کے دوران کمانڈر کلیم اللہ سمیت اہم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق پولیس، سی ٹی ڈی نے کوہاٹ، ہنگو، کرک کے پہاڑی علاقوں میں آپریشن کلین اپ کیا اور کمانڈر کلیم اللہ سمیت اہم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ پولیس حملوں میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانے جلا دیے گئے ۔آئی جی خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کلین اپ کا مقصد خیبرپختونخوا سے دہشت گردوں کا خاتمہ ہے، امن و امان میں خلل ڈالنے والے آخری دہشت گرد کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔