روزے کے درمیان حیض آجائے تو کیا کرے؟

سوال

مجھے حالتِ روزہ میں بعد از ظہر حیض آگیا تھا تو میرے روزے کا کیا حکم ہے؟ اور سنا ہے کہ مغرب تک پھر بھی کھانا پینا درست نہیں ہوتا؟

جواب

روزہ  کی  حالت  میں حیض آنے  سے روزہ  فاسد ہو جاتا ہے اور  حائضہ کو اس کے بعد باقی دن میں کھانے پینے کی اجازت ہوتی ہے، اور   پاکی کے بعد حیض کے بقیہ ایام کے فوت شدہ روزوں کے ساتھ اس دن کے روزے کی بھی قضا رکھنا لازم ہوتی ہے۔

البتہ اس کے برعکس اگر حائضہ عورت رمضان المبارک میں دن میں پاک ہوگئی تو اب دن کے بقیہ حصہ میں اس کے لیے  کھانے پینے کی اجازت نہیں ہو گی،روزہ داروں کی طرح رہنا ضروری ہوگا، یہ بھوکا پیاسا رہنا رمضان المبارک کے احترام اور صائمین سے تشبہ (روزہ داروں کی مشابہت) کی وجہ سے ہے، بقیہ دن بھوکا پیاسا رہنے کو روزہ نہیں کہاجائے گا، لہٰذا بعد میں قضا کی نیت سے روزہ رکھنا لازم ہوگا۔

بحوالہ: دار الافتا جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی