کراچی: سردی کی نئی لہر بالائی سندھ کو کل سے اپنی لپیٹ میں لے گی، کراچی میں سائبیرین ہوائیں چل سکتی ہیں اور درجہ حرارت 6 ڈگری تک گرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز یخ بستہ ہوائیں برقرار رہیں اور کم سے کم پارہ 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، صبح کے وقت دھند چھانے کی وجہ سے حد نگاہ 3.5 کلو (3500) میٹرز رہی اور شہر کا کم سے کم پارہ 10 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 24.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری دوسرے کولڈ ویو الرٹ کے مطابق اتوار سے صوبہ سندھ میں سردی کی نئی لہر آنے کاامکان ہے۔
کراچی، حیدرآباد، بدین، سجاول اور ٹھٹھ کے اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 6 سے8 ڈگری، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، جامشور، تھرپاکر، عمرکوٹ کے اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 2 سے4 ڈگری جبکہ شہید بے نظیرآباد، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، میرپورخاص، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمد خان کے اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری تک گرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 جنوری کو کراچی میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور عوام کو سردی کی لہر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔