آزاد جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بڑی حد تک تعریف آزاد جموں و کشمیر عبوری آئینی ایکٹ 1974 کے ذریعے کی گئی ہے، جو اس کے گورننس فریم ورک اور پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات کا خاکہ پیش کرتا ہے۔ اگرچہ پاکستان کا آئین آزاد کشمیر کے بارے میں تفصیلی حوالہ جات فراہم نہیں کرتا ہے، لیکن اس میں کئی ایسی دفعات شامل ہیں جو اس کی سیاسی اور آئینی حیثیت سے متعلق ہیں۔ آرٹیکل 1 میں پاکستان کا آئین آزاد کشمیر کو پاکستان کے علاقائی فریم ورک کے اندر گلگت بلتستان کے ساتھ ایک خصوصی علاقے کے طور پر تسلیم کرتا ہے اور اسے مکمل صوبہ نہیں سمجھا جاتا ہے۔
آئین کا آرٹیکل 45جو صدر پاکستان کو معافی دینے کا اختیار دیتا ہے، آزاد کشمیر کے قانونی فریم ورک سے بھی متعلق ہے۔ تاہم، پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے درمیان آئینی فرق کی وجہ سے صدر کے اختیارات وفاقی دائرہ اختیار کے تحت معاملات تک محدود ہیں۔ آزاد کشمیر اپنی سیاسی قیادت کے ساتھ کام کرتا ہے، جس میں صدر، وزیر اعظم اور قانون ساز اسمبلی شامل ہیں۔ پاکستان کے آئین کے علاوہ آزاد کشمیر بنیادی طور پر آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین ایکٹ، 1974 کے تحت حکومت کرتا ہے۔ یہ قانون آزاد کشمیر کے لوگوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے اپنے صدر، وزیر اعظم اور اسمبلی کے ساتھ ایک خود مختار حکومت قائم کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ اس بات کو بھی تسلیم کرتا ہے کہ خطے کی حتمی حیثیت تنازع کشمیر کے حل سے منسلک ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کو خطے کے اندر زیادہ تر معاملات پر قانون سازی کا اختیار حاصل ہے، سوائے ان کے جو پاکستان کے دائرہ اختیار میں ہیں اور دفاع، امور خارجہ اور دیگر وفاقی معاملات سے متعلق ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم جو قانون ساز اسمبلی کے ذریعہ مقرر کیے جاتے ہیں، آزاد کشمیر کے ایگزیکٹو سربراہ ہوتے ہیں۔ آزاد کشمیر کا اپنا صدر بھی ہے جو ریاست کے رسمی سربراہ کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس خطے میں ایک آزاد عدلیہ ہے جو آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین ایکٹ، 1974 کے ذریعے قائم کردہ فریم ورک کے اندر کام کرتی ہے۔ آزاد کشمیر کے عدالتی نظام میں اس کی اپنی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ شامل ہے، جو خطے کے اندر مقدمات کی نگرانی کرتی ہے۔ آزاد کشمیر کو کافی خود حد تک خود مختاری حاصل ہے اور اس کے پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں، خاص طور پر دفاع، امور خارجہ اور آئینی امور کے حوالے سے۔ آزاد جموں و کشمیر کا آئین اور آزاد جموں و کشمیر عبوری آئینی ایکٹ 1974 پاکستان کے ساتھ خطے کے تعلقات کی نوعیت کا خاکہ پیش کرتا ہے، جس میں پاکستان اہم قومی مسائل پر کنٹرول برقرار رکھتا ہے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر کو اپنی داخلی حکمرانی میں کافی خود مختاری حاصل ہے۔
دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کئی سالوں تک ہندوستانی یونین کے اندر الگ تھی۔ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی سے پہلے، اس خطے پر انوکھی دفعات کے ذریعے حکومت کی جاتی تھی جس نے اسے ہندوستان کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں خصوصی درجہ دیا تھا۔ ان دفعات کو بنیادی طور پر آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے میں شامل کیا گیا تھا، جو خطے کے منفرد سیاسی اور تاریخی تناظر کی عکاسی کرنے کے لیے بنائے گئے تھے۔ آرٹیکل 370 ہندوستانی آئین کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بنیاد تھا۔ یہ ایک عارضی شق تھی جس نے ہندوستانی یونین کے ساتھ ریاست کے تعلقات کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ 1947 میں الحاق کے دستاویز کے حصے کے طور پر اپنایا گیا، اس پر جموں و کشمیر کے حکمران مہاراجہ ہری سنگھ نے اس وقت دستخط کیے، جب ریاست نے تقسیم کے بعد ہندوستان میں شمولیت اختیار کی۔ آرٹیکل 370 نے مقبوضہ کشمیر کے غیر معمولی حالات کو تسلیم کیا اور ریاست کو دفاع، امور خارجہ، مالیات اور مواصلات کے علاوہ بہت سے شعبوں میں خود مختاری برقرار رکھنے کی اجازت دی، جو بدستور ہندوستانی حکومت کے دائرہ اختیار میں رہے۔
5 اگست 2019 کو ہندوستانی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرتے ہوئے ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر دیا۔ اس اقدام کے نتیجے میں ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میںتقسیم کیا گیا۔ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے نتیجے میں آرٹیکل 35 اے کو بھی منسوخ کر دیا گیا، جس سے مقبوضہ کشمیر میں مستقل رہائشیوں کے خصوصی حقوق اور مراعات کو ختم کر دیا گیا۔ غیر رہائشیوں کو اب خطے میں جائیداد خریدنے اور سرکاری خدمات تک رسائی کی اجازت دی گئی جو پہلے محدود تھیں۔
اس تبدیلی نے خطے کی خود مختاری کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا، جس سے یہ ہندوستان کی دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی طرح ہندوستانی قوانین اور ضوابط کے مکمل دائرہ اختیار کے تابع ہو گیا۔ منسوخی کے بعد ہندوستانی حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جن کا کہنا ہے کہ ان اقدامات نے خطے میں انسانی حقوق کی صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ منسوخی کے بعد ہندوستانی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے پہلے اقدامات میں سے ایک جموں و کشمیر میں سیاسی رہنماں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں تھی۔ سینکڑوں مقامی رہنماں اور سیاسی جماعت کے ارکان کے ساتھ سابق وزرائے اعلی محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ جیسی ممتاز سیاسی شخصیات اور کارکنوں کو حراست میں رکھا گیا۔ ان اطلاعات سے اشارہ ملتا ہے کہ بہت سے قیدیوں کو تنہائی کی قید میں رکھا گیا تھا، اکثر خطے سے باہر دور دراز جیلوں میں، جس کی وجہ سے خاندانوں اور قانونی نمائندوں کے لیے ان تک پہنچنا مشکل ہو گیا تھا۔ آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعد ہندوستانی حکومت نے پورے مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کی سب سے شدید مواصلاتی بندش نافذ کی۔ مہینوں تک اس خطے کو انٹرنیٹ کی مکمل یا جزوی بندش کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے لاکھوں افراد انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور دیگر مواصلاتی پلیٹ فارم تک رسائی سے محروم رہے۔ اس اقدام کا مقصد معلومات کے پھیلا کو روکنا، مظاہروں کو محدود کرنا اور زمینی صورتحال کے بارے میں بین الاقوامی برادری کی آگاہی کو کم کرنا تھا۔
حقیقت میں ہندوستان نے کبھی بھی مقبوضہ کشمیر کو مکمل طور پر حقیقی خصوصی درجہ نہیں دیا اور اسے ایک صوبے سے بھی کم حیثیت دی۔ ہندوستان کے دیگر حصوں کی طرح وزیر اعلیٰ اور گورنر مقرر کرنا مقبوضہ کشمیر کو حقیقی طور پر خصوصی درجہ دینے میں ہندوستان کی ہچکچاہٹ کی عکاسی کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے لیے ہندوستان کے اندر آزادانہ طور پر رہنا، کام کرنا اور بولنا عملی طور پر ناممکن ہے۔ اس کے برعکس آزاد کشمیر کو ایک منفرد خصوصی حیثیت حاصل ہے، جہاں اس کے شہری پورے پاکستان میں آزادانہ طور پر رہ سکتے ہیں، کام کر سکتے ہیں اور اظہار رائے کر سکتے ہیں۔ یہ حقیقت ان لوگوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے جو پاکستان اور بھارت کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں۔
پاکستان کشمیر کاز کے لیے پرعزم ہے اور حق خودارادیت کے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت کرتا ہے جبکہ ہندوستان پہلے ہی مقبوضہ کشمیر کو اپنے ملک میں ضم کر چکا ہے۔ اب اہم نقطہ اس تبدیلی کو تسلیم کرنا ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں میں بیان نہ کیے گئے متبادل آپشنز کی وکالت کرتے ہیں۔ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کو مکمل طور پر ضم کرکے اسے ہندوستان کا حصہ بنا کر اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے۔ نتیجتاً ہندوستان اب یہ دلیل دے سکتا ہے کہ رائے شماری اور دیگر آپشنز کی کسی بھی بحث کو اب صرف آزاد کشمیر سے متعلق ہونا چاہیے کیونکہ مقبوضہ کشمیر کو تو وہ پہلے ہی ہندوستان کا حصہ بنا چکا ہے۔ عالمی توجہ اب رائے شماری کی ضرورت پر ہونی چاہیے اور بین الاقوامی برادری کو ہندوستان پر زور ڈالنا چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے۔