کے پی کے، بم دھماکے اور فائرنگ سے 2افرادجاں بحق، اہلکار شہید ،افسرزخمی

پشاور: ضلع باجوڑ کی تحصیل برنگ کے علاقے اصیل ترغا سیاہ مینہ میں آئی ڈی بم دھماکے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت سید دور کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کے فورا بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ دھماکے میں ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔ دوسری جانب پشاور میں باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے علاقے کوہی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق جاں بحق شخص ملک ضیا سلارزئی تھا جو باجوڑ میں سماجی کاموں کے حوالے سے مشہور تھا۔

ادھر ڈی آئی خان میں لکی مروت کے علاقے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوگیا۔ اس کے علاوہ ڈی آئی خان کی تحصیل سروکئی جنوبی وزیرستان میں ایڈیشنل ایس ایچ او پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او میراجان شاہ شدید زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او جنوبی وزیرستان کے مطابق زخمی افسر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق پولیس اہلکار عرفان اللہ پشاور میں تعینات ہیں اور چھٹی پر گھر آیا تھا، دہشت گردوں نے کیچی کمر میں واقع گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور اس وقت پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ شہید پولیس اہلکار عرفان اللہ کی نمازجنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

ادھررواں سال خیبرپختونخوا میں ڈرون حملوں کی متعدد کوششیں سامنے آئیں جنہیں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 246 ڈرون کاپٹر حملوں کی کوشش کی گئی، جن میں سب سے زیادہ 215 واقعات بنوں ریجن میں رپورٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ ڈی آئی خان میں 15، ملاکنڈ میں 7 اور پشاور میں 4 حملوں کو ناکام بنایا گیا۔ مردان اور کوہاٹ میں دو، دو جبکہ ہزارہ میں ایک ڈرون حملے کی کوشش کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ تمام حملوں کو جدید اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے ناکام بنایا گیا اور خوش قسمتی سے ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔