اسلام آباد/کراچی:ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے، ایک ہفتے میں آٹے کا 20کلو کا تھیلا 200روپے تک مہنگا ہوگیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویز کی بنیاد پرحالیہ ایک ہفتے کے دوران حیدر آباد،لاڑکانہ میں آٹے کا 20کلوکا تھیلا200 روپے، سرگودھا 190 اور سکھر میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 160 روپے تک مہنگا ہوا۔
دستاویزکے مطابق ملتان 133 روپے 33 پیسے جب کہ کراچی اور خضدار میں آٹیکے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح کوئٹہ 90 روپے، اسلام آباد67،گوجرانوالا66 اور راولپنڈی میں آٹے کے 20 کلوتھیلے کی قیمت 40 روپے تک بڑھ گئی۔
دستاویز سے معلومات ہوتا ہے کہ کراچی میں آٹے کے 20کلو تھیلے کی قیمت ملک بھر میں سب سے زیادہ2 ہزار 500روپے تک ہے جب کہ لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت ملک بھر سب سے کم ایک ہزار 810 روپے تک ہے۔ دستاویز کے مطابق کوئٹہ میں 2 ہزار 450 روپے، حیدر آباد 2 ہزار 440 ، اسلام آباد 2 ہزار 373، پشاور 2 ہزار 350 ، بنوں اور خضدار میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار 300 روپے تک ہے۔
اسی طرح راولپنڈی 2 ہزار 347، فیصل آباد 2 ہزار 250 جب کہ سکھر اور لاڑکانہ میں آٹیکا 20 کلو کا تھیلا 2ہزار 200 روپے تک ہے۔ دستاویز کے مطابق گوجرانوالا، ملتان، سیالکوٹ2 ہزار133 روپے، بہاولپور 2 ہزار 67 روپے جب کہ سرگودھا میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار روپے تک ہے۔
ادھرملک کے مختلف شہروں میں مرغی کا گوشت مزید مہنگا ہو گیا۔لاہور میں زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 354 روپے کلو ہے جبکہ پرچون ریٹ 368 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے، مرغی کا گوشت 533 روپے کلو ہے، لاہور میں انڈے 246 روپے درجن ہیں۔گزشتہ روز لاہور میں مرغی کا گوشت 519 روپے کلو تھا، اتوار کو فی کلو قیمت میں 14 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
پشاور میں ایک روز میں زندہ برائلر مرغی کی فی کلو قیمت 20 روپے بڑھ گئی ہے، سرکاری نرخ نامے میں زندہ برائلر مرغی کا ریٹ 420 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے۔فیصل آباد میں زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 359 روپے فی کلو ہے جبکہ پرچون ریٹ 373 روپے کلو ہے، مرغی کا گوشت 540 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے، انڈے 246 روپے فی درجن ہیں۔
گزشتہ روز راولپنڈی میں برائلر مرغی کا گوشت 570 روپے کلو تھا جبکہ زندہ مرغی کا تھوک ریٹ 379 اور پرچون ریٹ 393 روپے کلو تھا، راولپنڈی میں آج نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔اسلام آباد میں زندہ برائلر مرغی کا ریٹ 400 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 247 روپے فی درجن ہے۔

