یہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے کہ مشکل ترین حالات میں فیصلہ کیسے کریں؟اس مضمون میں دیے گئے فیصلہ سازی کا یہ فریم ورک آپ کی معاونت کرے گا۔
فیصلہ سازی انسانی زندگی کا سب سے بنیادی مگر سب سے چیلنج والا عمل ہے۔ ہم چاہے کسی ادارے کے سربراہ ہوں، ایک کارکن ہوں، والدین ہوں یا ایک عام شہری، ہمیں روزانہ درجنوں فیصلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کچھ فیصلے معمولی ہوتے ہیں، مگر کچھ ایسے ہوتے ہیں جن کا اثر مستقبل، وسائل، تعلقات یا ربِ کائنات کے سامنے ہماری جواب دہی تک پھیل جاتا ہے، اسی لیے فیصلہ سازی کو ایک فن (Art) بھی کہا جاتا ہے اور ایک سائنس (Science) بھی، کیونکہ اس میں جذبات، عقل، تجربے اور طریقہ کار سب کا کردار شامل ہوتا ہے۔ دور حاضر میں فیصلے مزید پیچیدہ ہوچکے ہیں۔ کاروبار، تعلیمی ادارے، سماجی تنظیمیں اور حتیٰ کہ گھریلو معاملات بھی ایسے چیلنجز سے گزر رہے ہیں، جن میں فوری، درست اور دور اندیشی پر مبنی فیصلے ناگزیر ہیں۔ غیر یقینی معاشی حالات، تیز رفتار ٹیکنالوجی، بڑھتا ہوا مقابلہ اور مسلسل بدلتی ترجیحات انسان کو مجبور کرتی ہیں کہ وہ فیصلے کرنے کے لیے محض وجدان (intuition) پر بھروسہ نہ کرے، بلکہ باقاعدہ نظام اور فریم ورک استعمال کرے۔
فیصلہ سازی کے فریم ورک دراصل وہ سائنسی اور تجرباتی طریقے ہیں، جو کسی بھی پیچیدہ صورتحال کو آسان بناتے ہیں۔ یہ فریم ورک ہمارے سامنے مسئلے کے مختلف پہلوؤں کو واضح کرتے ہیں، ہمارے ذہن کی الجھن کو کم کرتے ہیں اور ہمیں جذبات کے بجائے منطق اور حقیقت کی بنیاد پر آگے بڑھنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان کی خوبی یہ ہے کہ یہ نہ صرف بڑے فیصلوں میں کام آتے ہیں، بلکہ روزمرہ کی چھوٹی مگر اہم ترجیحات طے کرنے میں بھی بے حد مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ہر فریم ورک کا مقصد مختلف ہوتا ہے۔ مثلاً کوئی فائدے اور نقصانات واضح کرتا ہے، کوئی ترجیحات طے کرتا ہے، کوئی مسئلے کی اصل جڑ تک پہنچاتا ہے، جبکہ کوئی مستقبل کے مواقع اور خطرات کو سامنے لاتا ہے۔ اسی لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ فیصلوں کا معیار اْس وقت بہتر ہو جاتا ہے جب انسان مختلف تکنیکوں کو ملا کر استعمال کرے۔ اس طرح ایک فیصلہ صرف جذباتی نہیں رہتا، بلکہ مکمل، متوازن اور حقیقت پر مبنی بن جاتا ہے۔اسی پس منظر میں فیصلہ سازی کے پانچ فریم ورکس کا یہ مجموعہ تیار کیا گیا ہے، جس میں وہ پانچ بنیادی اور عالمی طور پر آزمودہ طریقے شامل ہیں، جو ہر قسم کی صورتحال میں رہنمائی کرتے ہیں۔ چاہے آپ کسی ادارے کی سربراہی کر رہے ہوں یا ذاتی زندگی کا کوئی اہم فیصلہ کر رہے ہوں، یہ فریم ورک آپ کو نہ صرف واضح سوچ فراہم کریں گے، بلکہ آپ کے فیصلوں کو زیادہ مضبوط، مؤثر اور بااعتماد بنائیں گے۔ یہ تمہید انہی فریم ورک کی اہمیت کو سمجھنے، اْن کی ضرورت محسوس کرنے اور اْن کے صحیح استعمال کی بنیاد رکھنے کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔فیصلہ سازی کے 5فریم ورکس ہیں۔فوائد و نقصانات کا تجزیہ (Pros & Cons Analysis)۔یہ سب سے سادہ مگر انتہائی مؤثر تکنیک ہے، اس میں آپ:
کسی بھی فیصلے کے تمام فائدے (Pros) لکھتے ہیں۔اسی فیصلے کے تمام نقصانات (Cons) لکھتے ہیں۔پھر ہر نکتے کی اہمیت یا وزن (Weight) طے کرتے ہیں۔آخر میں دیکھتے ہیں کہ مجموعی طور پر فائدے زیادہ ہیں یا نقصانات۔مثال کے طور پر آپ نئی دکان کھولنا چاہتے ہیں، اس میں اس کے فوائد و نقصانات الگ الگ لکھیں گے۔جیسے:
فائدے: زیادہ گاہک، آمدنی میں اضافہ، برانڈ بنے گا۔نقصانات: کرایہ، رسک، وقت کی کمی۔وزن دینے سے آپ بہتر اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کون سا پہلو زیادہ مضبوط ہے، جس طرف مجموعی قدر زیادہ بنے، وہی فیصلہ بہترسمجھا جائے گا۔لاگت و فائدے کا تجزیہ (Cost & Benefit Analysis۔یہ فریم ورک زیادہ پیشہ ورانہ اداروں، کاروباروں اور حکومتی فیصلوں میں استعمال ہوتا ہے، اس میں آپ:فیصلہ کرنے کی لاگت نکالتے ہیں،فیصلہ نہ کرنے کی لاگت کا بھی اندازہ کرتے ہیں۔فیصلہ کرنے کے فوائد جمع کرتے ہیں،دونوں کا موازنہ کرکے دیکھتے ہیں کہ خالص فائدہ (Net Benefit) کس میں زیادہ ہے۔مثال کے طور پر آپ نئے ملازم رکھنا چاہتے ہیں تو آپ اس کی لاگت اور فائدے کو جانچیں گے۔ جیسیلاگت: تنخواہ، ٹریننگ، وقت۔فائدہ: پیداوار میں اضافہ، بیچنے کی صلاحیت میں بہتری۔اگر فائدہ مجموعی طور پر زیادہ ہو تو فیصلہ درست سمجھا جائے گا۔
SWOT اینالیس۔ یہ فریم ورک آپ کی موجودہ پوزیشن کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔اس کے چار خانے ہوتے ہیں:(1) طاقتیں (Strengths)۔آپ یا آپ کی ٹیم کی اندرونی مضبوطیاںاور طاقتیں۔ جیسے : اچھی شہرت، تجربہ، تربیت یافتہ اسٹاف۔(2)کمزوریاں (Weaknessesوہ اندرونی کمزور پہلو جو فیصلہ کو متاثر کر سکتے ہیں۔ مثلاً: سرمایہ کم، ٹیکنالوجی کی کمی، عملہ ناکافی(3) مواقع (Opportunities)۔وہ بیرونی عوامل جو آپ کے حق میں جا سکتے ہیں۔ مثلاً: مارکیٹ میں خلا، گاہکوں کی نئی ڈیمانڈ، حکومتی سہولتیں۔(4) خطرات (Threats)۔وہ بیرونی حالات جو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ مثلاً: سخت مقابلہ، معاشی بحران، قیمتوں میں تیزی سے اضافہ۔سواٹ اینالیسز آپ کو اپنی موجودہ حیثیت دیکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے فیصلہ حقیقت پر مبنی ہوتا ہے۔آئزن ہاور میٹرکس (Eisenhower Matrix)۔
یہ فریم ورک وقت اور ترجیحات کو سمجھنے میں بہترین۔ میٹرکس کے چار خانے ہوتے ہیں:(1) اہم ضروری۔فوری کریں (Do Now)وہ کام جو تاخیر سے نقصان دیں۔ مثلاً: فوری شکایت حل کرنا، ایمرجنسی مسائل۔(2) اہم غیر ضروری۔شیڈول کریں (Schedule)مثلاً: ٹریننگ، منصوبہ بندی، حکمت عملی بنانا۔3) غیر اہم ضروری۔تفویض کریں (Delegate)۔مثلاً: عام انتظامی کام، ڈیٹا انٹری، فون کالز۔(4) غیر اہم غیر ضروری ۔ختم کریں (Scrap)۔مثلاً: وقت ضائع کرنے والی سرگرمیاں۔اس تکنیک سے انسان کم وقت میں زیادہ مؤثر فیصلے کر سکتا ہیپانچ بار کیوں تکنیک ( The 5 Whys Technique)۔یہ تکنیک مسئلے کی اصل جڑ تک پہنچنے کے لیے بہترین ہے۔ جیسے:مسئلہ لکھیں۔پوچھیں:’یہ کیوں ہوا؟’جواب ملنے کے بعد پھر پوچھیں:’وہ کیوں ہوا؟’یہ عمل پانچ مرتبہ دہرائیں۔ پانچ بار پوچھنے کے بعد اصل بنیادی وجہ سامنے آ جاتی ہے۔ مثال:مسئلہ: گاہک ناراض۔کیوں؟ سامان لیٹ پہنچا۔کیوں؟ گاڑی وقت پر نہیں آئی۔کیوں؟ ڈرائیور کو اطلاع دیر سے ملی۔کیوں؟ شیڈولنگ خراب تھی۔کیوں؟ ایک اسٹاف ممبر ذمہ داری صحیح ادا نہیں کر رہا تھا۔اس طرح سوالات کرنے سے بنیادی مسئلہ واضح ہوا کہ ناقص شیڈولنگ اور ٹیم کو بروقت اطلاع نہ دینا ہے۔
چند اہم نکات۔کوئی ایک فریم ورک ہر وقت مناسب نہیں ہوتا۔ پیچیدہ فیصلوں میں دو یا زیادہ فریم ورک اکٹھے استعمال کریں۔تجزیہ کرتے وقت اپنے ذہنی تعصبات کو پہچانیں۔اپنے فیصلے کا پورا طریقہ لکھ لیں، یہ آئندہ بہتر فیصلے میں مدد دے گا۔جو بہترین فیصلہ ابھی کر لیا جائے، وہ اس مکمل فیصلے سے بہتر ہے، جو بہت دیر بعد لیا جائے۔اصل کرنے کا کام یہ ہے کہ پورے سال کی باریک بینی سے چھوٹے بڑے تمام کاموں کی منصوبہ بندی کریں۔سارے کام ڈائری میں لکھیں اور پھر پورا سال اسی شیڈول کے مطابق گزارنے کی کوشش کریں۔

