سافٹ وئیر کی ماہیت و حقیقت

تیسری قسط:
سافٹ وئیر کا خام مال کیا ہوگا؟
اگر کوئی یہ سوال پوچھے کہ سافٹ وئیر کا خام مال کیا ہے؟ تو یہ خام مال والی مثال اس پر لاگو نہیں ہوگی کیونکہ سافٹ وئیر کمپیوٹر کو دی گئی ہدایات کا نام ہے اور یہ کمپیوٹر پروگرامر کی دماغی صلاحیتوں کی وجہ سے وجود میں آتا ہے اور اس میں کوئی خام مال شامل نہیں ہوتا۔ پھر بھی اگر کوئی سافٹ وئیر کی ماہیت کو خام مال کی مثال سے سمجھنے کی کوشش کرے تو صرف یہ کہا جائے گا کہ سافٹ وئیر کا خام مال کمپیوٹر ہدایات یا کمپیوٹر پروگرامز کو کہا جا سکتا ہے، مثلاً واٹس اپ سافٹ وئیر کا خام مال وہ کمپیوٹر ہدایات یا کمپیوٹر پروگرامز ہیں جن کی بنیاد پر واٹس اپ وجود میں آیا ہے۔ ہم یہ نہیں کہیں گے کہ چونکہ ہم نے اس واٹس اپ سافٹ وئیر کو بناتے وقت اپنا کمپیوٹر اور انٹرنیٹ بھی استعمال کیا تھا، لہٰذا یہ بھی خام مال میں شامل ہیں۔ نیز ہم یہ بھی نہیں کہیں گے کہ چونکہ ایک سافٹ وئیر انجینئر کو سافٹ وئیر بنانے میں بجلی بھی چاہیے ہوتی ہے لہٰذا یہ بجلی بھی اس سافٹ وئیر کا خام مال ہے اور یہ سافٹ وئیر انجینئر بھی بذاتِ خود اس سافٹ وئیر کا خام مال ہے۔ یعنی ایک گھر کا خام مال سیمنٹ، سریا، اینٹ، بجری ہوتے ہیں۔ اس گھر کے بنانے والے مزدور یا اس سیمنٹ، اینٹ، بجری وغیرہ کو لانے والا ٹرک اس کا خام مال نہیں تصور کیا جاتا۔ عام معنوں میں کمپیوٹر ہدایات یا کمپیوٹر پروگرامز آلات نہیں ہیں، اور کوئی مادی یا حسی چیز نہیں ہیں لہٰذا ان کو خام مال تصور نہیں کیا جاسکتا بلکہ یہ تو کمپیوٹر پروگرامرز کی دماغی صلاحیتوں سے وجود میں آتا ہے۔

بعض لوگ یہ اشکال کرسکتے ہیں کہ سافٹ وئیر بنانے کی صورت میں سافٹ وئیربنانے والا اپنی ذہنی اور فکری بنیاد پر اپنی ذہنی اور فکری صلاحیتوں کو کام میں لاکر ایک نیا سافٹ وئیر وجود میں لاتا ہے اور اس سافٹ وئیر بنانے میں ذہنی صلاحیتوں کے علاوہ کچھ ڈیجیٹل مواد بھی شامل ہوتا ہے۔ یہاں پر یہ اشکال کرنے والوں سے بنیادی غلطی ہو رہی ہے اور وہ یہ کہ یہ ڈیجیٹل مواد دراصل کمپیوٹر پروگرامز اور ہدایات ہی ہوتی ہیں اور کمپیوٹر پروگرامرز کی دماغی صلاحیتوں سے وجود میں آتی ہیں۔ لہٰذا یہ کہنا بھی درست نہ ہوگا کہ سافٹ وئیر کا خام مال میں ڈیجیٹل مواد شامل ہے۔

وہ حضرات جو کمپیوٹر سائنس و سافٹ وئیر کی سطحی معلومات رکھتے ہیں، بعض مرتبہ وہ یہ کہتے ہیں کہ سافٹ وئیر مختلف پروگرامنگ لینگویج سے مل کر بنتا ہے اور پروگرامنگ لینگویج اس کا خام مال تصور کیے جا سکتے ہیں۔ یہ بات سائنسی طور پر سراسر غلط ہے اور سافٹ وئیر کی ماہیت و حقیقت اور صحیح و مستند سائنسی معلومات کے نہ ہونے کی وجہ سے بعض لوگوں کو یہ مغالطہ ہوا ہے۔ پروگرامنگ لینگویج کو سافٹ وئیر کا خام مال نہیں کہا جا سکتا اور نہ ہی سافٹ وئیر مختلف پروگرامنگ لینگویج سے مل کربنتا ہے۔

پروگرامنگ لینگویج وہ ہنر اور صلاحیت ہے جس کے ذریعے سے کمپیوٹر پروگرام (سافٹ وئیر) تحریر کیا جاتا ہے اور جس کے ذریعے سے کمپیوٹر کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ بے تحاشہ کتب اور سائنسی تحقیقی مقالے کمپیوٹر پروگرامنگ کو بطور فن اور ہنر کے متعارف کرواتے ہیں۔ ذیل میں ہم چند مستند و معتبر سائنسی حوالہ جات پیش کرتے ہی جن سے ثابت ہوتا ہے کہ پروگرامنگ ایک فن اور ہنر ہے جس کے ذریعے سے کمپیوٹر کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ ان تمام مستند سائنسی حوالہ جات سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ہنر اور صلاحیت کو سافٹ وئیر کا خام مال نہیں کہا جاسکتا اور اگر کوئی ایسا کہتا ہے تو اسے سافٹ وئیر کی ماہیت و حقیقت سے متعلق سخت مغالطہ ہوا ہے۔

پروگرامنگ کمپیوٹر کو ہدایات لکھنے کا ایک فن ہے۔ پروگرامنگ کمپیوٹر کو ہدایت دینے کی صلاحیت ہے۔
کمپیوٹر ڈیٹا کو پروسس کرتے ہی ایک خاص ہدایات کی ترتیب کے ذریعے جسے کمپیوٹر پروگرام کہتے ہیں، یہ سافٹ ویئر پروگرام کمپیوٹر کی رہنمائی کرتے ہیں، انسانوں کی دی گئی ایک خاص ترتیب شدہ ہدایات کے ذریعے جنہیں کمپیوٹر پروگرامرز کہا جاتا ہے۔ جس طرح ہم دوسرے انسانوں کے ساتھ بات چیت کے لیے قدرتی زبان کا استعمال کرتے ہیں، اسی طرح ہم کمپیوٹر کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک پروگرامنگ لینگویج کا استعمال کرتے ہیں۔

پروگرامنگ کمپیوٹر کو بتا رہی ہے کہ اسے اپنا کام کیسے کرنا چاہیے۔ پروگرامنگ لینگویج وہ زبانیں ہیں جو کمپیوٹر کے ساتھ بات چیت کے لیے استعمال ہوتی ہیں جن کے ذریعے سافٹ ویئر، ویب سائٹس، ایپلی کیشنز اور دیگر ٹیکنالوجی بنائی جاتی ہے۔ اس کے ذریعے سے لوگوں کو اجازت ملتی ہے کہ وہ کمپیوٹر کو ہدایات دے سکیں تاکہ وہ روزمرہ کی ٹیکنالوجی کی پیروی اور اس کو بنا سکیں۔

سافٹ ویئر ہدایات کا ایک مجموعہ ہے جو کمپیوٹر، ویب پر مبنی ایپلی کیشن، یا دیگر آلات کو بتاتا ہے کہ کیا کرنا ہے۔ اسٹینفورڈ یونیورسٹی، امریکا کے مشہور پرورفیسر ڈونلڈ ای کنتھ نے کئی جلدوں پر مشتمل کتاب بعنوان کمپیوٹر پروگرام ایز این آرٹ تحریر کی ہے جو کہ کمپیوٹر سائنس کی بنیادی کتابوں میں سے ایک ہے۔ کتاب کے عنوان سے ہی واضح ہوتا ہے کہ کمپیوٹر پروگرامنگ ایک فن اور ہنر ہے۔ یہ پروفیسر اپنے ایک تحقیقی مقالے میں کمپیوٹر پروگرامنگ کو ایک فن اور ہنر کے طور پر متعارف کرواتے ہیں۔ وہ تحریر کرتے ہیں کہ کمپیوٹر پروگرامنگ ایک فن یا ہنر ہے۔

نیز یہ بات بھی قارئین کے ذہن میں رہے کہ پروگرامنگ لینگویج کو بطور آلہ کے استعمال کیا جاتا ہے اور ان کو خام مال نہیں کہا جاسکتا، جس کو درجِ ذیل اقتباس مزید واضح کرتا ہے۔
پروگرامنگ کے اہم ٹولز عام مقصد کی کمپیوٹر لینگویجز ہیں جیسے جاوا، سی شارپ، سی، سی پلس پلس، اسکالا اور روبی۔ (جاری ہے)