پاکستان تحریک انصاف نے کل منگل اڈیالہ جیل کے باہر عوامی اسمبلی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بیرسٹر علی ظفر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا کل بروز منگل اڈیالہ جیل کے باہر عوامی اسمبلی لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فارم 47 کے تحت قائم حکومت جعلی ہے اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، مہنگائی، سیلاب، امن و امان سمیت عوامی مسائل کو عوامی اسمبلی میں اجاگر کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو قوم کی اواز بننے کی ہدایت جاری کی اور پارلیمانی پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے عمران خان کا پیغام پارلیمانی پارٹی کو پہنچایا جبکہ اجلاس میں وادی تیرا میں شہید ہونے والے معصوم بچے اور خواتین کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قبائل کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، پی ٹی آئی قبائل کے لیے ملکر آواز اٹھائے گی۔
اجلاس میں ملک بھر میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا گیا جبکہ تمام ارکان اسمبلی کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کاروائیوںیں حصہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
پی ٹی آئی کی کمیٹی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر میں جاری فلڈ ریلیف پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں عمران خان اور پارٹی قیادت و رہنماوں کے خلاف جعلی مقدمات پر اظہار تشویش اور پارلیمانی پارٹی نے انہیں جعلی قرار دیتے ہوئے مقدمات کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں نومنتخب سینیٹرز کو خوش آمدید کہا گیا جبکہ پشاور کے کامیاب جلسہ پر تمام ارکان اسمبلی اور سینیٹرز سمیت تمام قیادت کو مبارکباد پیش کی گئی۔
تحریک انصاف نے سپریم کورٹ بار کے ائندہ انتخاب میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ، پنجاب، بلوچستان، کے پی کے بارز کے انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کی بھرپور سپورٹ کا اعلان بھی کیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں کشمیر کی حالیہ صورتحال پر تحریک انصاف کا تشویش کا اظہار کیا گیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر نے بتایا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اراکین اڈیالہ جیل کے باہر اسمبلی لگائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب یہ قدم اٹھانے کا مقصد احتجاج ریکارڈ کروانا اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مزاحمت جاری رکھنا ہے۔