نارووال میں زندگی معمول پر نہ آ سکی،کچے کا علاقہ تاحال زیرِ آب

کراچی/نارووال/لاہور:دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں کمی ہوئی ہے تاہم کچے کے علاقے تاحال زیر آب ہیں اور امراض بھی پھوٹ پڑے،نارووال کے دیہات میں بھی زندگی معمول پر نہیں آ سکی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں 25 ہزار کیوسک کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد پانی کا بہاؤ کم ہو کر 3 لاکھ87 ہزار کیوسک پرآگیا۔حکام نے بتایا کہ کوٹری بیراج پر پانی کی کمی کے باوجود درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ضلع جامشورو میں کوٹری بیراج سے ملحقہ کچے کے علاقوں میں سیلابی پانی نے متعدد دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، مسلسل سیلابی پانی جمع رہنے سے مختلف امراض پھوٹ پڑے ہیں جس کے باعث متاثرین پریشان ہیں۔

دوسری جانب نارووال کی تحصیل شکر گڑھ میں دریائے راوی کے سیلابی ریلے کو ایک ماہ گزر چکا تاہم دو درجن سے زائد دیہات میں زندگی معمول پر نہیں آسکی۔ادھر سیلاب سے متاثرہ ایم 5 موٹر وے 17ویں روز بھی بند ہے،حکام کے مطابق موٹروے کی بحالی کا انحصار اطراف میں پانی کی سطح کم ہونے پر ہے۔