انکم ٹیکس گوشواروں کا باریک بینی سے آڈٹ کا فیصلہ

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی 30ستمبر کو آخر ی تاریخ ہے ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کاروباری طبقے کے انکم ٹیکس گوشواروں کا باریک بینی سے آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس گوشواروں میں دولت چھپانے اور غلط بیانی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ کاروباری افراد جو اپنے گوشواروں میں غلط یا گمراہ کن معلومات فراہم کریں گے، مشکل میں آسکتے ہیں، خاص طور پر ان افراد کے گوشواروں کا سخت آڈٹ ہوگا، جنہوں نے گزشتہ سال کی نسبت کم انکم ٹیکس ادا کیا ہے۔ایف بی آر نے یکم اکتوبر سے ایک لاکھ انکم ٹیکس گوشواروں کے آڈٹ کی تیاری مکمل کر لی ہے، 1 لاکھ آڈٹ کیلئے پورا ونگ تیار کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے تربیت یافتہ آڈیٹرز انکم ٹیکس گوشواروں کی سخت جانچ پڑتال کریں گے اور گزشتہ سال کی نسبت کم انکم ٹیکس دینے والے کاروباری طبقہ کے گوشواروں کا آ ڈٹ کریں گے تاکہ ٹیکس چوری کا پتہ چلایا جا سکے۔انکم ٹیکس گوشوارے میں درست اور اپ ڈیٹ معلومات فراہم کرنے والوں کیلئے کوئی مشکل نہیں ہوگی، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والا کاروباری طبقہ آج 30 ستمبر تک درست گوشوارے جمع کراسکتا ہے۔

ادھرایف بی آرنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے انکار کردیا۔۔ایف بی آر کی جانب سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں توسیع کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ایف بی آر نے سیلاب سے توسیع کو جوڑنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ تر ٹیکس دہندگان سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے ہیں ان کے پاس کافی وقت تھا جب کہ آئی آرآئی ایس سسٹم کی سست روی کے دعوے بھی غلط ہیں،یہ پلیٹ فارم مکمل فعال ہے۔ مقررہ تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کرانے کے سخت نتائج ہوں گے۔