آئی فون 17 پرو کے لانچ کے بعد سامنے آنے والی خراشوں کی تصاویر پر صارفین کے خدشات کے جواب میں ایپل نے باضابطہ وضاحت جاری کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر ڈیمو یونٹس کی پچھلی جانب نمایاں نشانات دیکھنے کے بعد صارفین نے سوال اٹھایا تھا کہ نیا فون خراشوں کے لیے حساس ہے، اور اسے مذاقاً ’’اسکریچ گیٹ‘‘ کا نام دیا گیا۔
ایپل کے مطابق یہ نشانات دراصل خراشیں نہیں بلکہ ایپل اسٹورز میں استعمال ہونے والے پرانے اور خراب مگ سیف چارجر اسٹینڈز کے اثرات ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ زیادہ تر نشانات آسانی سے صاف کیے جا سکتے ہیں اور خراب اسٹینڈز کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کی جانب سے فون کے کیمرہ ماڈیول کے کناروں پر بھی خدشات ظاہر کیے گئے تھے کہ وہ جلد خراش کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس پر ایپل نے وضاحت دی کہ کیمرہ ڈیزائن پہلے سے زیادہ مضبوط بنایا گیا ہے اور یہ دوسرے ماڈلز کی طرح سخت ٹیسٹنگ سے گزرا ہے، تاہم عام استعمال کے دوران ہلکے نشانات پڑنے کا امکان رہتا ہے۔
صارفین کے تجربات اور ریویوز میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ نے فون کو مضبوط اور پائیدار قرار دیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ ڈیمو فونز پر نظر آنے والے نشانات حقیقت میں خراشیں ہیں۔
ایپل کا کہنا ہے کہ اسٹورز میں رکھے گئے ڈیمو یونٹس روزانہ ہزاروں افراد کے ہاتھوں میں آتے ہیں، اسی وجہ سے ان پر نشانات زیادہ نمایاں ہو جاتے ہیں، لیکن عام صارفین کے فون پر یہ مسئلہ اتنی شدت کے ساتھ پیش نہیں آئے گا۔