اسلام آباد کے شہری محمد اویس حمید راٹھور نے ایک منفرد “کیمپر وین” تیار کی ہے جو مکمل طور پر ایک چلتا پھرتا گھر ہے۔
اویس کا تعلق پہلے ٹیلی کام شعبے سے تھا، مگر کورونا کے بعد انہوں نے زندگی کا رخ بدلا اور سیاحت کے شوق کو اپنانے کے لیے ایک کیمپر وین بنانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے ایک پرانی نیلام شدہ فور بائی فور گاڑی خرید کر اسے خود ڈیزائن اور ری کنڈیشن کیا، جس میں بیٹھنے، سونے، کھانے پکانے، واش رومز، شاورز، ہوم تھیٹر، اور بیک وقت 10 موبائل چارجنگ جیسی سہولیات شامل ہیں۔
اویس کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر 50 لاکھ روپے خرچ آئے لیکن یہ صرف شوق کی تکمیل تھی، کمرشل مقصد نہیں۔ ان کے مطابق سیاحت مہنگی نہیں، نیت اور منصوبہ بندی سے کم بجٹ میں بھی ممکن ہے۔
یہ کیمپر وین نیلم ویلی، تولی پیر، راولا کوٹ جیسے مقامات تک سفر کر چکی ہے اور اویس نے اس کے ذریعے پاکستان کے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی کا عالمی سطح پر مثبت پیغام بھی دیا ہے۔