جماعت اسلامی کا ٹریفک حادثات کے خلاف نمائش چورنگی پر دھرنا

جماعت اسلامی نے ہیوی ٹریفک کے بڑھتے حادثات،قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع، سندھ حکومت کی بے حسی، ای چالان کے نام پر لوٹ مار کے خلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنا دے دیا۔نمائش چورنگی پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ ان خونی ڈمپرز و ٹینکرز اور بے ہنگم ٹریفک نے عوام کا جینا مشکل کردیا گیا ہے۔ کراچی والے ٹریفک حادثات کی وجہ سے دھرنا دینے پر مجبور ہیں، ای چالان کی لوٹ مار، اسٹریٹ کرائم کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کراچی کے ہر ادارے کو تباہ کردیا ہے، جس شعبے میں دیکھا جائے تو ہر جانب مافیا موجود ہے، دھرنا شہر کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی آ واز ہے۔گزشتہ ایک ہفتے میں ٹریفک حادثات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، شہری ہیوی ٹریفک کے ہاتھوں کچلے جارہے ہیں، ارباب اختیار بتائیں ہیوی ٹریفک حادثات پر کیوں خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

منعم ظفر کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا قابض میئر کراچی کو حق دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی شہر کو باعزت ٹرانسپورٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہے، کوئی منصوبہ ایسا نہیں ہے جس کے مکمل ہونے کی حتمی تاریخ ہو۔انہوں نے کہا کہ ای چالان کے نام پر لوٹ مار کا دھندا شروع کیا ہوا ہے، ظالم حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دیں گے ان کا تعاقب کرتے رہیں گے۔