پنجاب،بھارتی حملے میں شہید و زخمیوں کے لیے امدادی فنڈز جاری

لاہور:بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید اور زخمی شہریوں کے لیے امدادی پیکیج کے تحت حکومت پنجاب نے 14 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو امدادی فنڈز جاری کر دیے۔شہدا اور زخمی شہریوں کیلیے امدادی پیکیج کی منظوری وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے دی تھی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے سوگوار خاندانوں اور متاثرین میں فنڈز کی تقسیم کے لیے ضابطہ جاری کر دیا، 343 ملین روپے کی امدادی رقم ڈی سیز کے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کی گئی۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ فنڈز کو 3 کیٹگریز شہدا، شدید زخمی اور معمولی زخمی میں تقسیم کیا گیا ہے، بھارتی حملے میں شہید شہریوں کے اہل خانہ کو 1 کروڑ روپے امداد دی جائے گی، شدید زخمی شہریوں کو 20 لاکھ جبکہ معمولی زخمی کو 10 لاکھ امداد ملے گی۔

محکمہ داخلہ نے امدادی رقم کو جائز حقداروں تک شفاف انداز میں پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز کی تقسیم سے قبل ہر وصول کنندہ کی اہلیت کی تصدیق کی جائے گی، شہدا، زخمیوں کی تفصیل اور چیک تقسیم کے ثبوت سرکاری ریکارڈ میں محفوظ کیے جائیں۔

ترجمان نے کہا کہ متاثرین اور سوگوار خاندانوں کی تمام ذاتی معلومات مکمل رازداری سے محفوظ رکھی جائیں، امدادی پیکیج کی تقسیم محکمہ داخلہ کی جاری کردہ حتمی فہرست کے مطابق کی جائے، ڈی سیز امدادی رقوم کی تقسیم کی تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوائیں۔