بونیر:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارے پاس وسائل موجود ہیں، کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ کوئی اپنا فرض ادا کرنا چاہتا ہے تو کرے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بونیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کچھ علاقے الرٹ پر ہیں اور اس پر کام کر رہے ہیں۔
سیلاب سے آنے والی تباہی کا 100 فیصد مقابلہ کریں گے۔انہوںنے کہا کہ ہم گھر بنا کر دیں گے اور بستیاں بسا کر دیں گے میں وعدہ کرتا ہوں جس کا جتنا نقصان ہوا ہے حکومت ازالہ کرے گی۔ عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنا ہماری ترجیح ہے۔
تجاوزات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تجاوزات آج سے نہیں بلکہ سالہا سال سے لوگ بنا رہے ہیں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا تو عدالت سے اسٹے لیا گیا تاہم ڈی آئی خان میں تجاوزات کے خلاف مثالی آپریشن ہوا۔
لوگ قبضوں، تجاوزات سے گریز اور حکومت سے تعاون کریں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وقت کے ساتھ ندی نالوں کی صفائی نہیں کی گئی۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں اور سیلاب متاثرین کا جو ذاتی نقصان ہوا ہے، حکومت اس کا ازالہ کرے گی جبکہ سیلاب سے تباہ گھروں کو دوبارہ تعمیر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آبادیوں کو پانی کے راستے سے ہٹا کر دوسرے مقامات پر بستیاں آباد کریں گے۔وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی فراہمی یقینی بنائے۔وزیراعظم نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سیلابی صورتحال کے وقت اظہار یکجہتی کرنے پر تمام صوبائی حکومتوں کے مشکور ہیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے بھی رابطہ ہے اور فوج بھی ہمارے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ہم نے متاثرین کو راشن اور ادویات پہنچائیں۔ یہ وہ خیبر پختونخوا حکومت نہیں جس کے پاس وسائل یا تنخواہ کے پیسے نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس وسائل موجود ہیں اور صوبے کے پیسے سے سپورٹ کرسکتے ہیں۔ مجھے کسی کی مدد کی ضرورت نہیں کیونکہ خیبر پختونخوا مدد والا صوبہ نہیں۔ تاہم کوئی اپنا فرض ادا کرنا چاہتا ہے تو کرے لیکن ہمیں مدد کی ضرورت نہیں ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اپنے لوگوں کا ہم خود خیال کرسکتے ہیں اور متاثرین کا ازالہ بھی کرسکتے ہیں۔ میرے پارلیمنٹرین ہر جگہ موجود ہیں اور میری پوری کابینہ کام کر رہی ہے۔ ہمارے ڈی پی اوز اور پولیس نے لوگوں کو ریسکیو کیا ہے۔