کراچی/سکردو:اینٹی نارکوٹکس فورس نے کروڑوں روپے مالیت کی ممنوعہ ادویہ بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
اے این ایف پورٹ کنٹرول یونٹ نے سائو تھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر کارروائی کی۔ خفیہ اطلاع پر کراچی سے ٹیما گھانا جانے والے کنٹینر کو روکا گیا تو تلاشی کے دوران کنٹینر سے 72 لاکھ ٹراماڈول گولیاں برآمد ہوئیں۔ گولیوں کو گارمنٹس کی آڑ میں چھپایا ہوا تھا۔
اے این ایف حکام کے مطابق برآمد شدہ مال کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 30 کروڑ سے زائد ہے۔ بک کرانے والے کا پتہ لطیف کلاتھ مارکیٹ کھارادر کا ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان سے امراض نسواں اور ملٹی وٹامنز کی جعلی ادویات پکڑی گئیں جس کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ریپڈ الرٹ جاری کر دیا۔
ڈریپ کے ریپڈ الرٹ میں بتایا گیا کہ جی بی ڈرگ، واٹر و فوڈ اتھارٹی نے 4 ادویات کے 4 بیچ جعلی قرار دیے ہیں، جعلی ادویات مقامی فارما کمپنیز کے برانڈز کے ناموں پر تیار کردہ ہیں، ان کے لیبلز پر کراچی اور لاہور کے پتے درج ہیں۔
ریپڈ الرٹ کے مطابق ادویات ڈرگ ایکٹ 1976 سیکشن 3 کے تحت جعلی قرار پائی ہیں، امراض نسواں کی مسرون ٹیبلٹ 10 ایم جی کا بیچ جعلی ہے، فالک ایسڈ، وٹامن بی 12 کی کیوٹیفول ٹیبلٹ کا بیچ جعلی ہے، امراض نسواں کی ٹیبلٹ ڈیپاسرون کا بیچ 2406 جعلی ہے۔امراض نسواں کی ڈروپھا ٹیبلٹ 10 ایم جی بیچ ڈی آر پی 0004 جعلی ہے۔