ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی عوام کاحق ، استحصال نہیں ہونے دیں گے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی عام آدمی کاحق ہے، استحصال کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے ڈیزل کے نرخ کم ہونے پر کرایوں میں کمی کے احکامات یقینی بنانے پر عملدرآمدکی ہدایت کی ہے-وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ضلعی انتظامیہ کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لئے اقدامات کی ہدایت کی اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ترمیم شدہ کرایوں کا ٹیرف نمایاں آویزاں کرنے کا حکم دیا ہے۔

صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کوسرکاری کرایہ نامہ پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی عام آدمی کاحق ہے، استحصال کی اجازت نہیں دیں گے۔ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر لاہور میں پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد تک کمی کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کرایوں میں کمی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی اور کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام الناس کو پہنچایا جائے۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہر کے جنرل بس اسٹینڈ اورتمام اڈوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں نمایاں جگہ پر نیا کرایہ نامہ آویزاں کیے جائیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔مریم نواز نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)پنجاب، انتظامیہ، پولیس، ریسکیو کو ضروری پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی۔ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی فیلڈ میں موجود رہنے کے احکامات جاری کر دیے۔مریم نواز نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز پی ڈی ایم اے پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے بالائی پنجاب میں کلائوڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کر دی۔

مریم نواز نے کوہ سلیمان روڈ کوئیوں میں ممکنہ سیلابی ریلوں سے بچا ئوکے لیے پیشگی انتظامات اور مری، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور کوہ سلیمان کے اضلاع میں خصوصی اقدامات کا حکم دیا۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مری اور متصل علاقوں کی طرف سیاحتی سفر پر پابندی پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کلائوڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر سیاحوں کی نقل وحمل محدود کرنے کی ہدایت کی۔ اور پی ڈی ایم اے پنجاب کو دریاں کے بہائو میں غیر معمولی اضافے کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت بھی کی جبکہ آبی گزر گاہوں کے ارد گرد آبادیوں کے لیے کشتیاں،لائف جیکٹس اور دیگر سامان فراہم کر دیا گیا۔

مریم نواز نے دریاؤں، نہروں، ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر نہانے پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اور کہا کہ دریائوں کے کنارے آباد لوگوں کے فوری انخلا کو یقینی بنایا جائے جبکہ دریاں اور ندی نالوں کے کناروں پر پولیس پیٹرولنگ کی جائے، والدین بچوں کو دریائوں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے روکیں۔