وتعز من تشاء وتذل من تشاء

دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ ہماری پاک افواج کے جانباز’ پاک دھرتی کے سپوت’ بدر و حنین کے جانشین اپنی دھرتی ماں کی حرمت کیلئے کس طرح سینہ سپر ہوئے اور انہوں نے دشمن کو بتا دیا ہے کہ گھس کر کیسے مارا جاتا ہے۔ ہم نے کہا تھا کہ ہم جنگ کی خواہش نہیں رکھتے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم مادرِ وطن کے محافظوں کے طور پر اس کا مقابلہ بہادری سے کریں گے۔ ہماری افواج نے نہ رات کے اندھیرے میں حملہ کیا’ نہ معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا۔ ہماری بہادر افواج نے صبح کے اجالے میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے کیلئے آپریشن ”بنیان مرصوص” یعنی سیسہ پلائی دیوار کا آغاز کیا۔ قرآن مجید کی سورة الصف کی آیت چار میں اللہ تعالیٰ ایک ایسی جماعت کی تعریف فرماتا ہے جو اس کی راہ میں اس انداز سے کھڑی ہوتی ہے جیسے وہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہو۔ ”بے شک اللہ ان لوگوں کو پسند فرماتا ہے جو (ظلم کے خاتمے اور حق کی مدد کے لیے) اس کی راہ میں (یوں) صف بستہ ہوکر لڑتے ہیں گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہوں”۔

دشمن کو اب پتا چل گیا ہو گا کہ گھس کر مارنا کیا ہوتا ہے۔ آپریشن ”بنیان مرصوص” کے تحت افواج پاکستان نے بھارت کے اندر گھس کر اہم سٹریٹجک اہداف کو اپنا کوئی نقصان کرائے بغیر کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے مکار و بزدل دشمن کو چاروں شانے چت کر دیا ہے۔ یہ فوج نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصی نظرِ کرم سے عالمِ کفر کے بڑے بڑے فراعین کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کرے گی’ ان شاء اللہ!

نریندرمودی سمجھا تھا کہ رافیل کے ساتھ بھارت فضائوں کا بادشاہ بن گیا ہے۔ چھ اور سات مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان میں سویلین آبادی اور مساجد پر میزائل تو داغ دیے مگر ہماری فضاؤں کے نگہبانوں نے دفاعی کارروائی میں دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا۔ نہ ان کا رافیل بچا’ نہ سخوئی اور نہ مگ 29۔ پاک فضائیہ نے ان کے تین رافیل’ ایک سخوئی اور ایک مگ 29طیارہ گرا ڈالا۔ یاد رہے مگ 29پچھلی صدی کے آخری عشرے میں روس کا ایک جدید جنگی طیارہ تصور ہوتا تھا جو آج بھی بہت کار آمد ہے۔ سخوئی اس سے زیادہ جدید طیاروں میں شامل ہوتا ہے اور رافیل کے بارے میں تو کہا جاتا ہے کہ یہ دنیا کا جدید ترین طیارہ ہے اور اس کا مقابلہ آسان نہیں ہے۔ صرف سات مئی کی رات جوابی کارروائی میں بھارت کو پاکستان نے ایک ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچایا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان نے بھارت کی طرف سے بھیجے جانے والے 90سے زائد اسرائیلی ڈرونز کو بھی تباہ کیا’ جن میں جدید جاسوسی آلات نصب تھے۔ اس دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عوام اور میڈیا کو بریفنگ میں تمام بھارتی حملوں کی ناکامی کی تفصیلات فراہم کیں اور بتایا کہ بھارت نے اپنے ہر عسکری ہدف میں ناکامی کا منہ دیکھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے نہ صرف اپنی فضائی حدود کا کامیاب دفاع کیا بلکہ دشمن کے اہم عسکری اثاثے بھی تباہ کیے۔ ہندوستان کی وجہ سے نہ صرف فرانس کو ہزیمت اٹھانا پڑی بلکہ مسلم دشمن اسرائیل کا بھی منہ کالا ہوا۔ دشمن اگر اپنی مذموم حرکتوں سے باز نہ آیا تو وہ مزید ہزیمت اٹھائے گا ان شاء اللہ!

ہمارے شاہینوں نے ایک بار پھر 1965ء اور فروری 2019ء کی یاد تازہ کر دی ہے۔ کیا مرحوم ایم ایم عالم کی مار بھارت بھول گئی؟ کیا وہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نقصان پہنچا کر اپنے بگلیہار’ کشن گنگا اور رتلے ڈیم کو بچا پائے گا؟ بھارت نے ہمارے مدارس اور وہاں زیر تعلیم بچوں کو دہشت گرد قرار دے کر نشانہ بنایا ہے تو کیا ہم بھارتی انتہا پسند تنظیموں’ جن سنگھ اور آر ایس ایس کے درندوں کو بھول جائیں گے؟ ہرگز نہیں! ڈاکٹر عبد القدیر خان’ ڈاکٹر ثمر مبارک مند اور دیگر پاکستانی سائنسدانوں نے اس قوم کو جو میزائلوں کے تحفے دیے ہیں وہ اتنے طاقتور ہیں کہ انڈیا کیلئے ان کا مقابلہ کرنا بہت مشکل ہے۔ مانا بھارت دنیا کی چوتھی اور پاکستان 12ویں بڑی فوجی قوت ہے’ بھارت کا جنگی بجٹ 85ارب ڈالر اور پاکستان کا تقریباً آٹھ ارب ڈالر سالانہ سے کم ہے’ لیکن بھارتیوں کے جنگی جنون کا مقابلہ ہمارے ایمان کی طاقت سے ہے۔ دشمن کیا جانیں ہمارے فوجی جوان کس جذبۂ ایمانی کے ساتھ لڑتے ہیں۔ کوئی شک نہیں کہ بھارت کے پاس پرتھوی’ اگنی’ براہموس’ نربھے’ دھنوش اور اب تو ہائپر سونک میزائل بھی ہیں لیکن ہمارے غوری’ غزنوی’ شاہین’ ابدالی’ رعد’ بابر’ نصر’ حتف اور ابابیل میزائل جب اڑان بھرتے ہیں تو پھر ان کا نشانہ چوکتا نہیں۔ بھارت کا کوئی شہر ان میزائلوں کی پہنچ سے باہر نہیں ہے۔ بھارت کا آخری بحری اڈا’ جو کہ اس نے جزائر انڈیمان میں بنایا ہے’ وہ بھی ان کی ہدف میں ہے۔

بھارت کے آپریشن سندور سے نہ صرف اس کے عسکری عزائم بے نقاب ہوئے بلکہ پاکستان نے اپنی دفاعی برتری اور عسکری تیاری سے ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا کہ وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سبکی سے بچنے اور فیس سیونگ کیلئے آٹھ مئی کو بھارت کی جانب سے دوبارہ پاکستان میں دراندازی کی کوششیں کی گئیں اور لاہور’ سیالکوٹ’ راولپنڈی اور اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں اسرائیلی ساختہ ڈرونز بھیجے گئے جنہیں پاک فوج کے فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ لاہور میں گرایا گیا ڈرون ایک جدید سرویلنس ڈیوائس سے لیس تھا جس کا مقصد حساس تنصیبات کی تصویری معلومات اکٹھی کرنا تھا۔ راولپنڈی کے مضافات میں گرایا گیا ڈرون پاکستانی ایئر سپیس میں آٹھ کلومیٹر اندر داخل ہوا تھا۔ سات مئی کی رات ہی لائن آف کنٹرول پر راولا کوٹ سیکٹر میں دو بھارتی کواڈ کاپٹرز کو بھی مار گرایا گیا۔ اسی رات بھارتی ڈرونز نے کھوئی رٹہ اور تتہ پانی سیکٹرز میں بھی فوجی تنصیبات کی نگرانی کی کوشش کی لیکن پاک فوج کے فضائی نگرانی کے نظام نے فوری جواب دیا اور بھارت کے 12ڈرون مار گرائے جس سے بھارت کو مزید سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔

میں نے پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ اسرائیلی اہلکار مقبوضہ کشمیر پہنچ چکے ہیں’ دراصل وہ انہی ڈرونز کو آپریٹ کرنے آئے تھے۔ مودی اور آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی پاکستان کی سلامتی کے درپے ہے۔ وہ اَکھنڈ بھارت کے مذموم ایجنڈے پر گامزن ہیں۔ دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد مودی کی پاکستان میں دہشت گردی اور بی ایل اے کی حمایت’ جعفر ایکسپریس پر حملہ’ یہ سب بھارت کی پاکستان میں مداخلت کی بدترین مثالیں ہیں۔ کیا اب بھی اقوام عالم بھارت کا ساتھ دیں گی؟ بیشتر ممالک کے بھارت کیساتھ تجارتی مفادات وابستہ ہیں’ اس لئے انہیں بھارت کی یہ بربریت نظر نہیں آ رہی ہے۔ جبکہ رافیل کی تباہی پر امریکا خوش نظر آتا ہے کہ اب اس کی بھارت کے ساتھ F35کی ڈیل ہو جائے گی اور جس دن یہ ڈیل ہوگئی’ امریکا کا وزن مکمل طور پر بھارت کے پلڑے میں چلا جائے گا۔ پاکستان کا بھارت کے ساتھ ایٹمی جنگ کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن بھارت یاد رکھے کہ اگر خدانخواستہ وہ وقت آیا تو پاکستان کے پاس بھی اتنے ہی ایٹمی ہتھیار ہیں (بھارت172اور پاکستان 170) جتنے بھارت کے پاس ہیں۔ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اگر وہ ہمارے ملک میں تباہی پھیلانے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ مودی اور بھارت کی باقی اتنہا پسند ہندو قیادت جو 77سال سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے’ وہ یاد رکھے کہ اندرا گاندھی نے پاکستان کو دو لخت کرنے کا خواب تو پورا کر لیا لیکن آج مشرقی پاکستان (بنگلہ دیش) بھارت کے زیر قبضہ نہیں بلکہ ایک طاقتور مسلمان ملک ہے۔ بھارت اسرائیل کا شیطانی اتحاد پاکستان کو نقصان پہنچانے کا خواہاں ہے۔ بھارت کبھی نہتے کشمیریوں پر حملہ کرتا ہے اور کبھی اپنی ہی ریاست پنجاب میں حملہ کر کے پنجابی سرداروں کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا چاہتا ہے مگر اس شیطانی اتحاد کی ہر سازش ناکام ہو رہی ہے اور پاک فوج اس کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے’ جس سے یہ کافر ٹکرا کر پاش پاش ہو جائیں گے۔ ان شاء اللہ!