غزہ میں شدید غذائی بحران،صہیونی حملے،مزید 111 فلسطینی شہید

غزہ: صہیونی سفاک فوج نے غزہ میں خونریزی کا نیا سلسلہ شروع کر دیا،غذائی بحران بھی مزید شدید ہوگیا،بھوک اور افلاس سے فلسطینی تیزی سے موت کا شکار ہونے لگے، ایک دن میں 111 فلسطینی شہید، ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق جنگ کے ساتھ ساتھ غزہ میں انسانی المیہ بھی شدت اختیار کرنے لگا، بھوک اور افلاس کا شکار مزید 39 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔غذائی قلت سے اب تک 93 بچوں سمیت 169 افراد شہید ہو چکے ہیں،جو عالمی برادری کے ضمیر پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔

وزارت صحت نے خبردار کیا کہ انسانی بحران مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ خوراک اور ادویات کی شدید قلت اور ظالمانہ محاصرے نے زندگی کو موت سے بدتر بنا دیا ہے۔ ہم ایک بار پھر عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور امدادی اداروں سے فوری اور ہنگامی مداخلت کی اپیل کرتے ہیں۔ قابض اسرائیلی فوج نے ہفتے کو مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں سفاکانہ چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا، جن میں خواتین اور کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب مراکش، موریطانیہ اور یمن سمیت عرب دنیا کے مختلف ممالک میں لاکھوں مظاہرین نے غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے زبردست مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ ان مظاہروں کا مقصد قابض اسرائیل کی طرف سے جاری منظم بھوک کی پالیسی، انسانیت سوز محاصرے اور امدادی سامان کی روک تھام جیسے جرائم کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔صہیونی آرمی چیف نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ غزہ میں فوجی کارروائیاں بغیر کسی وقفے کے جاری رہیں گی۔صہیونی آرمی چیف جنرل زامیر نے کہا کہ میں اندازہ لگا رہا ہوں کہ آنے والے دنوں میں ہمیں یہ معلوم ہو جائے گا کہ آیا ہم یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کسی معاہدے تک پہنچ سکتے ہیں یا نہیں۔ اگر نہیں تو لڑائی بغیر رکے جاری رہے گی۔

دریں اثناءیمن کی مسلح افواج نے فلسطینیوں کی حمایت میں فلسطین ٹو نامی ہائپرسانک بیلسٹک میزائل کے ذریعے صیہونی حکومت کے سب سے اہم ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ۔ایران کے پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی افواج نے ایک بیان میں اس کارروائی کا اعلان کیا، جس میں کہا گیا کہ انہوں نے تل ابیب کے قریب واقع بن گوریون ایئرپورٹ کو فلسطین-2 پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی اپنے ہدف میں کامیاب رہی، اور 40 لاکھ سے زائد صہیونی حملہ آوروں کو پناہ گاہوں میں فرار ہونے پر مجبور کیا، جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کی سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔

فرانس نے غزہ کے لیے 40 ٹن ہنگامی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ نے بتایا کہ اردن کے راستے 10 ٹن امداد لے جانے والی چار پروازیں بھیجی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ امداد موجودہ بحران کے مقابلے میں ناکافی ہے اور عالمی براداری کو فوری طور پر مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ادھرفن لینڈ نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مشروط عندیہ دے دیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے کہا ہے اگر حکومت کسی ایسی تجویز کے ساتھ حکومت آگے بڑھتی ہے تو وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔ پچھلے ایک سال سے فلسطینی ریاست کا کیس دنیا بھر میں مضبوط ہو کر سامنے آیا ۔