لندن:وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیسے نہ بھیجنے کی شیخیاں مارنے والوں کو اپنی اوقات پتہ چل گئی، مارچ میں 4 ارب سے زائد ڈالرز کی ترسیلات ریکارڈ ہیں۔
نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا حالیہ دورہ برطانیہ صحت کے حوالے سے ہے۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن دنیا کے مختلف ممالک میں ہونا چاہیے، بیرونِ ملک آباد پاکستانی اپنے وطن سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
وزیرِ دفاع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم پر بھی مشکل وقت آئے تھے، لیکن ہم پاکستان سے بھاگے نہیں۔ خواجہ آصف نے تحریک انصاف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سیاسی میدان میں جنگ لڑے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک منافقوں کا ٹولہ تھی، جس سے پاکستان کی جان چھوٹ گئی ۔
وزیر دفاع نے دعوی کیا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھی سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بے شرمی سے چوری کرنے والے اب معافی مانگ رہے ہیں، لیکن اگر معافی مانگنی ہے تو وہ پاکستان کے عوام سے مانگی جائے۔