جاپان میں رائج ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم پنجاب میں متعارف کرانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان میں رائج صحت و علاج اور ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم پنجاب میں متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔مریم نواز نے جاپان کے اسپتال نیشنل سینٹرفار گلوبل ہیلتھ کا دورہ کیا جس میں انہوں نے جدید ہائی ٹیک جاپانی مشینری، آلات، طریقہ علاج اور نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کو بھی جاپان میں رائج صحت کے نظام کی طرز پر بنانے کا فیصلہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے صوبے بھر میں ذیابیطس، جگر اور متعدی امراض کے علاج کے لیے جاپانی تحقیق سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کے وفد کے ارکان کو ذیابیطس، جگر اور متعدی امراض کے جاپانی طریقہ علاج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو نیشنل سنٹر فار گلوبل ہیلتھ میڈیسن میں جگر کے علاج کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا ۔ دورے کے دوران پنجاب میں ذیابیطس، جگر اور متعدی امراض کے علاج کے لئے جاپانی تحقیق سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتال کے مختلف شعبے دیکھے اور فراہم کردہ سہولیات اور مشینری کا جائزہ لیا ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپانی ماہرین طب سے بھی بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے جاپان کے دورے میں پہلا انتہائی مصروف ترین دِن گزارا۔ پانچ روزہ دورے کے پہلے دن 16 گھنٹے تک مصروف رہیں ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صبح آٹھ بجے اپنے دورے کی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور رات بارہ بجے تک مختلف جاپانی حکام کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر گفتگو میں مصروف رہیں ۔

پہلے دِن وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے جاپان کے شہری ترقی کے مختلف اداروں کا دورہ کیا ۔ صاف پانی، سیوریج، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، ماحولیات کی بہتری اور زہریلے کاربن سے عوام کو بچانے کے جاپانی حکومت کے طریقوں کی سٹڈی کی ۔ بندرگاہ کے حامل تاریخی یوکو ہاما شہر کا جائزہ لیا کہ جاپان نے ساحل کے کنارے آباد اس صنعتی شہر کو جدید صنعتی شہر میں کیسے تبدیل کیا ہے ۔