حکومت نے مالی سال 2028ء تک قرضوں کا حجم کم کر کے بلحاظ جی ڈی پی 61.5 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کر دیا۔مڈٹرم ڈیٹ سٹریٹجی رپورٹ 2026 ـ 28ء کے مطابق قرضوں پر سود ادائیگیوں کا بوجھ بلحاظ جی ڈی پی 7.8 فیصد سے کم کر کے 4.9 فیصد، بیرونی قرضوں کو 18 فیصد تک لانے، مقامی قرضوں اوسطاً میچورٹی ٹائم ساڑھے 4 سال مقرر کر دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 7.5 فیصد، آئندہ مالی سال 6.8 فیصد اور مالی سال 2028 ء کے دوران 6.5 فیصد تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد، آئندہ مالی سال 5.1 فیصد اور مالی سال 2028ء کے دوران گروتھ کا تخمینہ 5.7 فیصد لگایا گیا ہے۔ وفاقی پرائمری سرپلس رواں مالی سال 1.3 فیصد، آئندہ مالی سال 1 فیصد اور مالی سال 2028ء کے دوران بھی 1 فیصد تک رہے گا، مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا رواں مالی سال 5.0 فیصد، آئندہ مالی سال 4.5 فیصد اور مالی سال 2028ء کے دوران 3.9 فیصد تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
تین برسوں کے دوران مجموعی قرضوں کی شرح میں بلحاظ جی ڈی پی کمی لائی جائے گی، رواں مالی سال کے اختتام تک ملک پر واجب الادا قرضوں کی شرح کم کر کے 66 فیصد، آئندہ مالی سال 64 فیصد اور مالی سال 2028ء کے دوران 61.5 فیصد تک لائی جائے گی۔قرضوں پر سود ادائیگیوں کا بوجھ اس وقت بلحاظ جی ڈی پی 6.3 فیصد ہے جس کو آئندہ مالی سال کم کر کے 5.4 فیصد اور مالی سال 2028ء تک 4.9 فیصد تک لایا جائے گا، مقامی قرضوں کا میچورٹی ٹائم مالی سال 2028 تک 4.6 سال مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت نے بیرونی قرضوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے بیرونی قرضوں کا حجم مالی سال 2028 ء تک بلحاظ جی ڈی پی 17.9 فیصد تک لانے کا ہدف رکھا ہے، آئی ایم ایف شرط پر قرضوں کی ادائیگیوں کیلئے میچورٹی ٹائم بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک مقامی قرضوں اوسط میچورٹی ٹائم ساڑھے چار سال، بیرونی قرضوں کی ادائیگی کیلئے اوسطاً میچورٹی ٹائم ساڑھے چھ سال تک بڑھایا جائے گا، 2028ء تک عملدرآمد کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، اوسطا میچورٹی ٹائم پر عملدرآمد کا آغاز رواں مالی سال سے ہی کیا جائے گا۔