اسلام آباد کے علاقے سہالہ ڈیم، چک 21میں شہید مسجد کے مسئلے پر علما ایکشن کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کے بعد چار نکاتی معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے مطابق مسجد کی تعمیر دو سال اور چار ماہ میں مکمل کی جائے گی، جبکہ اس عرصے میں باہمی مشاورت کے ساتھ مدنی مسجد میں پانچ وقت باجماعت نماز کا اہتمام کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ترتیب بنائی جائے گی۔
معاہدے میں واضح کیا گیا کہ 50 مسا جد سے متعلق جو نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے وہ جعلی ہے اور انتظامیہ نے ایسی کوئی لسٹ جاری نہیں کی۔معاہدے میں یہ بھی طے پایا کہ آئندہ اسلام آباد میں کسی بھی مسجد سے متعلق معاملات علما ایکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ہی طے کیے جائیں گے۔
معاہدے پر علما ایکشن کمیٹی کے نمائندہ و امیر جے یو آئی اسلام آباد مفتی محمد ادریس ترمذی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید صدیق اکبر نے دستخط کیے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور علما ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کی موجودگی میں ڈاکٹر ضیا الرحمن غازی، عبدالرؤف بادی اور محمد عثمان خان نے بطور گواہ دستخط کیے۔