بزرگ سیاست دان حافظ حسین احمد انتقال کرگئے

کوئٹہ :جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما، بزرگ سیاستدان، سابق سینیٹر حافظ حسین احمد کا انتقال ہو گیا۔

حافظ حسین احمد پاکستان کی معروف سیاسی شخصیت اور جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سینئر رہنما تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ سیاست میں گزارا۔ وہ سیاسی رہنماؤں میں اپنی بذلہ سنجی کے لیے مشہور تھے۔ گردوں کے عارضے کے باعث طویل عرصے سے وہ سیاسی سرگرمیوں سے دور تھے۔حافظ حسین احمد نے سیاست میں اپنے کیریئر کا آغاز جمعیت علمائے اسلام سے کیا۔ وہ پارٹی کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے اور مختلف اہم قومی و صوبائی سیاسی مواقع پر فعال رہنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل پر آواز بلند کرتے رہے۔ وہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مختلف مواقع پر رکن رہے۔

حافظ حسین احمد کون تھے؟

 حافظ حسین احمد 1951ء میں کوئٹہ کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ان کی عمرتقریباً74برس تھی۔

ابتدائی تعلیم قرآن، حدیث، فقہ اور عربی ادب میں حاصل کی۔ وہ دینی علوم میں درسِ نظامی اور حفظِ قرآن کی اسناد رکھتے تھے۔سیاسی کیریئر کا آغاز انہوں نے 1973 ء میں بلوچستان کی سیاست سے کیا۔ بعد ازاں قومی سطح پر جمعیت علمائے اسلام میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وہ دو مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، پہلی بار 1988 ء سے 1990ء اور دوسری بار 2002ء سے 2007ء تک۔ اس کے علاوہ وہ مارچ 1991ء سے مارچ 1994ء تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی رہے۔ حافظ حسین احمد پاکستان نیشنل الائنس کے اہم رہنماؤں میں بھی شمار ہوتے تھے اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے۔

ان کی وفات سے ملک ایک مدبر سیاستدان اور جید عالمِ دین سے محروم ہو گیا ۔ مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی حلقوں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر مذہبی و سیاسی رہنماؤں نے ان کی دینی و سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔