پشاور:خیبر پختونخوا میں پولیو ڈیوٹی پر مامور ایک اور پولیس اہلکار فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ سیرئی میں پولیو ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں اہل کار جاں بحق ہوگیا۔ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے علاقے کی ناکا بندی کردی۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کچھ دن قبل ہی اکوڑہ خٹک کے علاقے حسن درہ میں پولیو ڈیوٹی سے واپس آنے والے موٹر سائیکل سوار پولیس اہل کار فدا حسین کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔قبل ازیں ایک واقعہ جمرود کے علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں سخی پل کے علاقے میں نامعلوم افراد نے پولیو ڈیوٹی کے لیے جانے والے پولیس اہلکار پر گولیاں چلا دیں، جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا۔