لکھنؤ:بھارت میں بی جے پی کی حکومت والی ریاست اتر پردیش میں ہندو توا غنڈوں نے ایک مسلم خاندان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں میں دو خواتین کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ضلع بارہ بنکی کے قصبے ایکولی میں پیش آیا جہاں ایک غریب مسلمان خاندان پر تشدد کیا گیا۔ دو خواتین مسرت جہاں اور نور بانو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
متاثرین نے بتایا کہ حملہ رام اودیش، پوتن مہاراج اور ان کے چار بیٹوں نے کیا ۔ یہ لوگ معمولی جھگڑے پر مسلم گھر میں گھس گئے اور پورے خاندان کو بے رحمی سے ماراپیٹا۔متاثرہ خاندان کے ایک شخص نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ”ہم نے جس بربریت کا سامنا کیا وہ ناقابل تصور ہے۔
انہوں نے بچوں اور عورتوں پر بھی کوئی رحم نہیں کیا۔پولیس نے ملزموں کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی ہے اور وہ درپردہ انہیں تحفظ فراہم کر رہی ہے۔مقامی مسلم رہنماؤں نے واقعے کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک خاندان پرنہیں بلکہ پوری مسلم کمیونٹی پر حملہ ہے۔ ایک مقامی کارکن محمد سلیم نے کہا کہ ہم مجرموں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔