مدینہ منورہ:سعودی عرب کے شہر مدینہ کے قریب ایک بس اور ڈیزل ٹینکر کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 42 افراد جاں بحق ہوگئے، بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بس میں مجموعی طور پر43افراد سوار تھے جن میں سے 16 کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔ بس میں 20 خواتین اور 11 بچے بھی شامل تھے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بس میں سوار افراد بھارتی عمرہ زائرین تھے جن میں سے بعض حیدرآباد کے رہائشی ہیں۔
سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلی ریونت ریڈی نے نئی دہلی کے اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفارت خانے کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور معاملے کو جلد از جلد حل کریں۔
واقعہ رات تقریبا 1 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا جب مفریحات کے نزدیک بس ایک ڈیزل ٹینکر سے جا ٹکرائی۔ بس میں سوار اکثر مسافر اس وقت سو رہے تھے، جس کی وجہ سے آگ لگنے کے بعد بچنے کے مواقع نہ ہونے کے برابر تھے۔
ریسیکو ٹیموں نے حادثے کے مناظر کو ہولناک قرار دیا اور بتایا کہ بس مکمل طور پر جل چکی تھی، جس کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت انتہائی مشکل ہے۔ ایک شخص کے بچ جانے کی اطلاع ہے، تاہم اس کی حالت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔
بھارتی وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا مدینہ میں بھارتی شہریوں سے متعلق حادثے پر بہت افسوس ہے، میری دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔

