نئی دہلی:بھارت میں سخت ترین سیکورٹی کے درمیان بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا، نامعلوم شخص کی جانب سے تعمیر کیلئے 8 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں گزشتہ روز بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ، ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) کے معطل ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔ تقریب 1992 میں ایودھیا میں بابری مسجد کے انہدام کی 33 ویں برسی کے موقع پر منعقد کی گئی۔
سنگ بنیاد کی تقریب نے ریاست بھر میں کشیدہ فرقہ وارانہ صورتحال پیدا کردی ، اس لئے نتظامیہ کی جانب سے بھاری سیکورٹی تعینات کی گئی ۔ تقریب کا آغاز تقریبا 12 بجے قرآن پاک کی تلاوت کے بعد ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، مسجد کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کیلئے سینکڑوں کلومیٹر دور سے بھی مسلمان آئے۔
تقریب کے منتظم ہمایوں کبیر نے دعوی کیا کہ یہ چھوٹے پیمانے پر بابری مسجد کی بالکل مشابہ ہوگی، انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا مذہبی حق ہے اور ہم امن برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ ہمیں روک رہی ہے، ہمیں سرکاری فنڈز کی ضرورت نہیں ہے میں اس شخص کا نام نہیں بتائوں گا جو مسجد کی تعمیر کیلئے ہمیں 8 کروڑ روپے دینے کو راضی ہے۔
ایم ایل اے ہمایوں کبیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں مغربی بنگال پولیس کا تعاون حاصل ہے، میری سیکورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اس کیلئے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

