گھروں کی کھڑکیوں پر پابندی کے حوالے سے افغان حکومت کی وضاحت

گھروں کی کھڑکیوں پر پابندی کے حوالے سے افغان حکومت کی وضاحت سامنے آئی ہے۔

طالبان حکومت نے رہائشی عمارتوں میں کھڑکیاں بنانے پر پابندی کے حوالے سے دنیا بھر کے میڈیا پر شائع ہونے والی خبروں کی وضاحت جاری کی ہے۔

پیر کے دن پوری دنیا کے میڈیا پر یہ خبر نشر ہوئی تھی کہ طالبان نے خواتین کو بے پردگی سے بچانے کیلئے رہائشی عمارتوں پر بیرونی کھڑکیاں بنانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

خواتین کے پردے کے حوالے سے افغان حکومت کا اہم اقدام

اس حوالے سے اب جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان انتظامیہ کے ایک حکم نامے کے حوالے سے غلط فہمی پھیل رہی ہے کہ مکانات میں کھڑکیاں رکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

وضاحتی بیان کے مطابق بات صرف اتنی ہے کہ اونچے مکانوں یا ایسے مقامات کے کمرے جہاں سے پڑوسی کے گھر کا اندرونی صحن اور خواتین کی نقل و حرکت نظر آئے ایسی کھڑکیاں لگانے سے احتراز کا حکم دیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن عمارتوں میں کھڑکیاں پہلے ہی بنائی گئی ہیں، ان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ پڑوسیوں کی چادر و چاردیواری کی حرمت کا خیال رکھتے ہوئے ایسی کھڑکیاں ہٹادی جائیں۔