Alquran o Hadith

آسان علم دین کورس

دستک

آسان علم دین کورس

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ!
آج ۹۱ نومبر ہے، چار دن قبل۵۱ نومبر ۳۲۰۲ء کو حضرت اشتیاق احمد رحمہ اللہ کے سانحہئ ارتحال کو پورے آٹھ سال ہوگئے ہیں۔
دن منانے کا تو کوئی چلن ہمارے دین میں نہیں، لیکن کسی خاص دن سے جڑی یادیں، اُس دن کے آنے پر خودبخود ذہن میں تازہ ہوہی جاتی ہیں، سو اگر ”دین“ سمجھ کر نہیں بلکہ ویسے ہی کسی اچھی یاد پر خوشی کا اظہار ہوجائے یا اُس دن کوئی اپنا جد ا ہوا ہو تو اس کے لیے ایصال ِثواب اور دعائے مغفرت ہوجائے توظاہر ہے اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔

اِس شمارے میں بھی بنا کسی شعوری کوشش کے حضرت اشتیاق احمد رحمہ اللہ کا ذکرِمبارک آگیا ہے۔ ایک تو بہت عرصے کے بعد اِس شمارے سے آپ کا جاسوسی ناول (انسپکٹر جمشید سیریز) شروع ہورہا ہے، دوسرا جناب پروفیسر محمد اسلم بیگ بھی اپنی یادوں کے چمن سے اپنے دوست کے حوالے سے کچھ ایسے مہکتے گلاب چن لائے ہیں جو اِس سے پہلے انھوں نے ہم آپ سے کبھی نہیں بانٹے تھے۔

جناب اشتیاق احمد رحمہ اللہ تعالیٰ کے حوالے سے یہ ”دو باتیں“ جب اتفاق سے اِس شمارے میں جمع ہوگئیں تو ایک بہت اہم کام ہم نے شعوری طور پر چاہ لیا، وہ یہ کہ کیوں نہ اس شمارے سے اشتیاق احمد کے ایصالِ ثواب کا کوئی مستقل سلسلہ شروع کیا جائے۔

ہمیں اعتراف ہے کہ یہ بات خود ہمارے ذہن میں نہیں آئی تھی۔ بس یہی خیال تھا کہ دستک میں ایصالِ ثواب کی درخواست کرلیں گے، لیکن اتفاق یہ ہوا کہ محمد اسامہ سرسریؔ بھائی نے اپنا ایک نیا سلسلہ ”آسان علمِ دین کورس“ ہمیں اشاعت کے لیے بھیجا۔

بس جی ہمیں خیال آیا کہ کیوں نہ اس سلسلے کی اشاعت سے جناب اشتیاق احمد رحمہ اللہ تعالیٰ کے ثواب کی نیت کرلی جائے……!

سو ہم نے پہلے خود نیت کی، پھر اسامہ بھائی کو پیغام بھیجا کہ وہ بھی یہ نیت کرلیں۔

انھوں نے بہت خوشی سے یہ بات قبول کرلی۔ حالانکہ وہ یہ کورس واٹس ایپ گروپ میں ماہانہ فیس لے کر کروا رہے ہیں (جس کا اشتہار آپ اسی شمارے میں اور اگلے کچھ شماروں میں بھی دیکھیں گے) اور اگرچہ فیس بہت ہی کم، نہ ہونے کے برابر ہے، یعنی محض ۰۹ روپے ماہانہ،لیکن شمارے میں خاص طور پر بانی مدیر حضرت اشتیاق احمد رحمہ اللہ تعالیٰ کے ایصالِ ثواب کی نیت کرکے لکھنا یہ ایک بے حد مخلص آدمی ہی کرسکتا ہے۔

اللہ تعالیٰ انھیں بہت جزائے خیر عطا فرمائے۔لگے ہاتھوں آپ سب بھی یہ مبارک نیت کرلیں کہ نہ صرف یہ سلسلہ بہت غور سے پڑھیں گے بلکہ اس پر عمل کرتے ہوئے دوسروں تک پہنچائیں گے تا کہ اس کا ثواب روحِ اشتیاق کو پہنچے۔

اب کچھ بات ہوجائے اِس کورس کی۔
اس وقت دنیائے واٹس ایپ پر کئی چھوٹی چھوٹی کمیونٹیاں اور رنگ رنگ کے گروپ بنے ہوئے ہیں، جن میں ماہانہ کچھ رقم لے کر ممبران کو مختلف دنیوی چیزیں باہم پہنچائی جاتی ہیں، اسامہ بھائی نے بھی اس ”دنیائے رنگ و بُو“ میں ”اسامہ سرسری کمیونٹی“ کے نام سے ماشاء اللہ اپنا ایک گوشہ آباد کررکھا ہے، جس میں شعرو ادب سے لے کر دینی علوم تک سکھائے پڑھائے جاتے ہیں۔ اسی چمن میں انھوں نے ایک نیا پھول ”آسان علمِ دین کورس“ کے نام سے کھلایا ہے، جو ایک عام مسلمان کی دینی ضروریات کو بہت احسن طریقے سے پورا کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔

ایک مسلمان کی بنیادی دینی ضرورت کیا ہے……؟
یہی کہ اسے دین کا اتنا بنیادی علم ضرور ہو جتنا سیکھنا ہر مسلمان پر فرضِ عین ہے، سو یہ کورس ان شاء اللہ تعالیٰ اِس بنیادی ضرورت کو پورا کرے گا۔ اس کورس کی خصوصیت یہ ہے کہ ہر قسط کا جو بھی موضوع ہوگا، اسی موضوع سے متعلق آیت کریمہ، حدیث مبارکہ، ایک مسنون دعا اور فقہی مسئلہ بہت سہل انداز میں پیش کیا جائے گا۔

قارئین سے ہماری بھرپور سفارش ہے کہ شمارے میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ اسامہ بھائی کی حوصلہ افزائی اس طور ضرور کیجیے کہ خود یا اپنے متعلقین کو اس گروپ میں شامل کروائیے۔
اسامہ سرسری بھائی کا واٹس ایپ نمبر یہ ہے: (03042215717)

والسلام
مدیر مسؤل