گھی اور کوکنگ آئل سے بھری سوزوکی چھیننے پر سی ٹی ڈی انسپکٹر گرفتار

کراچی: گھی اور کوکنگ آئل سے بھری سوزوکی چھینے جانے کے الزام میں سی ٹی ڈی انسپکٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق جمعرات کو نیوکراچی صنعتی ایریا تھانےکے علاقے نیوکراچی سیکٹرفائیو جی چاند مارکیٹ سندھی ہوٹل کےقریب سے کوکنگ آئل اور گھی سےبھری سوزوکی چھینے جانے کے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر2023/375بجرم دفعہ 395،34/365،412 کےالفتح ٹریڈرز کمپنی کےملازم شہریار ولد عبدالسعید کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کے بعد سی ٹی ڈی انسپکٹرسمیت 5ملزمان کوگرفتارکرلیا گیا۔

مدعی مقدمہ شہریارکے مطابق جمعرات کی دوپہر 3 بجے کے قریب وہ سوزوکی نمبرکے ایس 4139 میں کوکنگ آئل کے6 ڈرم اورگھی کے 30 کارٹنزلوڈ کرکے سندھی ہوٹل ڈلیوری دینے جا رہا تھا کہ چاند مارکیٹ سیکٹرفائیوجی کے قریب پولیس موبائل نے روکا، جس میں 6 پولیس اہل کار سوار تھے۔

اہل کاروں نےمجھے سوزوکی سے اتارکرپولیس موبائل میں بٹھایا اورمختلف جگہوں پرگھماتے رہے۔ بعد ازاں تقریباً 5 بجے مجھے ٹاورکے علاقے میں اتارا، جس کے بعد میں نے فوراً اپنے مالک عرفان کو اطلاع دی۔ مالک نے فوری طور پرنیو کراچی صنعتی ایریا پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے سوزوکی میں نصب ٹریکرکی مدد سے لوکیشن لی اور گارڈن کے علاقے میں ایک دکان پرچھاپا ماراجہاں سوزوکی دکان میں موجود تھی۔ اس دوران ایک شخص پولیس کودیکھ کر فرارہوگیا جب کہ 3 افراد کوکنگ آئل اورگھی کے کارٹن اتارکررہے تھے اورایک شخص دکان میں موجود تھا۔

پولیس نے چاروں افراد محمد عثمان،عبدالواحد،واصف اورمحمد سعید کوحراست میں لے لیا گیا۔ زیرحراست محمدسعید نے بتایا کہ موقع سے فرارہونے والے شخص کا نام ارسلان ہے، جو انسپکٹرظفراقبال کا گن مین ہے۔ ارسلان اوراس کے دیگر ساتھیوں نے6 کوکنگ آئل کےڈرم اورگھی کے30 کارٹنزہمیں فروخت کیے ہیں ۔

ملزمان نے بتایا کہ ارسلان نےمیرا رابطہ انسپکٹرظفراقبال سے بھی کرایا، جس نے بتایاکہ یہ تیل اورگھی چوری کا ہے اورمارکیٹ سے سستا آپ کو فروخت کررہے ہیں اوران کی گارنٹی ہے۔ پولیس نےچھاپے کے دوران زیرحراست چاروں افراد کوگرفتارکرکےکوکنگ آئل کے6 ڈرم،گھی کے 30 کارٹنز قبضے میں لے لیے۔

رابطہ کرنے پر ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے بتایا کہ پولیس نے سی ٹی ڈی انسپکٹرظفراقبال کوگرفتارکرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار انسپکٹر ظفر اقبال سی ٹی ڈی انٹیلی جنس میں تعینات تھا۔