اے اللہ امت مسلمہ کو دین پر چلنے والا بنادے، تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ دعاکے ساتھ ختم

رائیونڈ سالانہ بین الا قوامی عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آہوں، سسیکوںاوررقت آمیز دعاکے ساتھ اختتام پذیر،اختتامی دعامولانا ابراہیم دیوالہ آف انڈیانے کروائی،دعا صبح8بجکر 25منٹ پر شروع ہو کر 9بجکر 45منٹ پر ختم ہوئی،دعا میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے اللہ کے حضورخصوصی التجائیں ، بعد نماز فجر مولانا عبدالرحمان نے بیان میں کہا کہ بھائیوں امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کرتے رہو دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو جا ؤگے۔

امت دنیا کی رنگینوں میں گم ہو کر دنیا کو بڑی چیز سمجھنے لگے گی تو اسلام کی ہیبت و وقعت اس کے قلوب سے نکل جائے گی اورجب امر باالمعروف اور نہی عن المنکر کو چھوڑ بیٹھے گی تو وحی کی برکت سے محروم ہوجائے گی، اللہ سے توبہ کرکے دنیا سے منہ موڑ کر اللہ تعالیٰ سے ناطہ جوڑ لو وہ بخشنے والا مہربان ہے، دعوت تبلیغ دین سے جوڑنے مخلوق سے خالق کی طرف مال سے اعمال کی طرف اور دنیا سے آخرت کی طرف بلایا جا رہا ہے۔ اللہ پاک نے ہماری دونوں جہاں کی کامیابی پورے کے پورے دین میں رکھی ہے، قبر کو روشن کرنے والی واحد نماز ہے اس کو پابندی سے تھام لو خیر ہوگی، خود اور اپنے اہل خانہ کو دین کا پابند بناؤ اور پردے کا اہتمام ہر امتی پر فرض ہے،شہر قصبوں گاؤں گاؤں اور گلی محلوں میں پھیل جاؤ اور چھو ٹو ں سے لیکر بڑوں تک دین سیکھنے اور سکھانے کی دعوت دیکر انکو دین پھیلانے سیکھانے کے عمل میں شامل کرکے اللہ تعالیٰ کے دربار میں بلند ی کے مراتب حاصل کرنیوالے بن جاؤ۔

مولانا ابرا ہیم دیوالہ نے رقت آ میز دعا کرتے ہوئے کہا کہ اے اللہ موسم کی پرواہ کیے بغیر تین دن سے اس کھلے آسمان کی طرف دیکھ رہے ہیں ہماری محنت کو قبول فرما، اور ساری دنیا کو دین کا پیروکار بنادے، آقاۖ کی سنتوں کا پابند بنادے، تو بخشنے والا ہے تیرے سوا ہمارا کوئی نہیں ہماری توبہ قبول فرما،مسلمان ملکوں میں اتحاد اور امن کی فضا پیدا کر دے، اے اللہ فلسطین کے مسلمانوں کو خوشحالی نصیب فرمامسجد اقصیٰ کو یہود کے چنگل سے آزاد فرما کر امت مسلمہ کی عبادت کی آماج گاہ بنادے۔

اے اللہ امت کو پریشانیوں سے نکال دے،یااللہ مقروضین کے قرضوں کی ادائیگی کیلئے غیب سے اسباب پیدا فرما،بے اولادوں کو اولاد نصیب فرما،پوری دنیا میں دینی مدارس کی حفاظت فرما،یاللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرما،اپنی رحمتوں و برکتوں کا نزول فرما۔حسب روایت تعلیم سے فارغ ہونے والے طالب علموں کے امیر جماعت مولانا نذالرحمان اور مولانا ابراہیم دیوالہ نے اجتماعی نکاح پڑھا ئے اور ان کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا ۔