پیٹرول پرلیوی میں اضافہ،ڈیزل سے کمی،ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھادیے

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔دستاویزکے مطابق پیٹرول پرلیوی میں اضافہ کردیاگیا،ڈیزل سے پیٹرولیم لیوی کم کردی گئی،ڈیزل پرپیٹرولیم لیوی ایک روپے 60 پیسے فی لیٹرکم کی گئی،ڈیزل پرلیوی کی شرح 77 روپے1پیسے سے75 روپے 41 پیسے مقررکی گئی،پیٹرول پرپیٹرولیم لیوی میں ایک روپے 60 پیسے اضافہ کیاگیا،شرح 78 روپے2 پیسے سے بڑھا کر 79 روپے62 پیسے مقررکی گئی۔

دستاویز کے مطابق پیٹرول اورڈیزل پرکاربن لیوی کی شرح برقرار رکھی گئی،ڈیزل پر فریٹ مارجن 1روپے 82 پیسے فی لیٹرکم کردیاگیا،ڈیزل پر ایکسٹرا مارجن 24 پیسے فی لیٹرکم کیا گیا،پیٹرول پر ایکسٹرا مارجن تین پیسے بڑھایاگیا۔اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 82 پیسے فی لیٹر اضافہ کیاگیا،لائٹ ڈیزل کی قیمت 163روپے98 پیسے سے بڑھا کر 170روپے8 پیسے مقررکی گئی،جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 34 پیسے اضافہ کیاگیا،قیمت 185روپے5 پیسے سے بڑھا کر 194روپے 34 پیسے مقرر کی گئی۔

ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹرز نے بھی کرائے بڑھادیے۔ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد لاہور سے مختلف شہروں کیلئے ستر روپے تک کرایہ بڑھایا گیا،لاہور سے بہاولپور50،ملتان کرایہ 40روپے بڑھادیا،جبکہ لاہورسیڈیرہ غازی خان کرایہ 70روپے بڑھایا گیا۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرائے 4 فیصد بڑھانے کا اعلان کردیا ہے۔

اپنے ایک وڈیو بیان میں ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی ہم پوری ٹرانسپورٹ برادری مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات، ٹول ٹیکسز، اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے جس سے ٹرانسپورٹ سیکٹر اور عوام دونوں ہی متاثر ہو رہے ہیں۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومتی پالیسیاں ہمیں ملک گیر ہڑتال کی طرف لے جانے پر مجبور کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومتی پالیسیاں اسی طرح جاری رہیں تو ہم جلد ہی اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور اپنے حقوق کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھائیں گے۔ملک شہزاد اعوان نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ٹرانسپورٹ برادری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اپنے کرائے 4 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔