حکومتی دھمکی،ملوں نے کرشنگ شروع کردی،چینی بدستور مہنگی

پنجاب میں کرشنگ شروع نہ کرنے والی ملوں کے خلاف ایکشن شروع کرنے کی دھمکی کے بعد نصف سے زائد شوگر ملوں نے کرشنگ کا آغاز کردیا۔ رپورٹ کے مطابق کین کمشنر پنجاب نے بتایا ہے کہ پنجاب کی 27 شوگر ملوں نے کرشنگ شروع کردی ہے جبکہ باقی 14 ملوں کو چیک کر کے کارروائی شروع کرنے جارہے ہیں ۔

کین کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف ایکشن پلان تیار ہے اور کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگرملز کو 10 لاکھ روپے یومیہ جرمانہ ہوگا۔ کین کمشنر کے مطابق کرشنگ سیزن میں مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، کسانوں کو بروقت گنے کی ادائیگی بھی یقینی بنائیں گے جب کہ بازار میں نئی چینی سپلائی آنے سے قیمت بھی کم ہو گی۔ کرشنگ شروع نہ کرنے والی ملوں کے خلاف ایکشن شروع کر دیا جائے گا۔ادھر کسان اتحاد کے چیئر مین خالد باٹھ نے کہاکہ مل مالکان کرشنگ میں تاخیر کر کے گنا سستے داموں خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مختلف شہروں میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔حیدرآباد میں گزشتہ دو روز کے دوران ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہوا۔فی کلو قیمت 178 روپے سے بڑھ کر 180 روپے تک جا پہنچی۔حیدر آباد میں ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اضافہ ہوا ہے، چینی کی فی کلو قیمت 185 سے بڑھ کر 190 روپے ہوگئی ۔فیصل آباد میں میں چینی کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے، ہول سیل میں چینی کی پچاس کلو بوری کی قیمت دس ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، مختلف علاقوں میں دکاندار 190اور 200 روپے کلو چینی فروخت کر رہے ہیں۔

انتظامیہ کی طرف سے چینی کی مقررہ سرکاری قیمت 179 روپے ہے۔کوئٹہ کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی 205 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، دکانوں پر چینی 210 سے 215 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کی جا رہی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے چینی 190 روپے فی کلو دستیاب تھی، کوئٹہ ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو چینی کے تھیلے کی قیمت 10,100 روپے تک پہنچ گئی ۔ملتان میں پرچون سطح پر چینی تاحال مہنگی فروخت ہو رہی ہے۔ چند روز کے دوران چینی کی فی کلو گرام قیمت میں 10 سے 15 روپے کا اضافہ ہوا ہے، چینی کا سرکاری ریٹ 172 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ چینی 180 سے 190 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ غلہ منڈی میں 50 کلو چینی کا تھیلا 8650 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں چینی کی قیمت میں کمی آئی ہے، ڈیلرز کے مطابق پرچون میں فی کلو چینی 180 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، دو روز قبل پرچون میں فی کلو چینی کی قیمت 184 روپے تھی۔راولپنڈی میں چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق گنے کی کرشنگ نہ ہونے کے باعث چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ 50 کلو چینی کی بوری کی قیمت 8 ہزار 800 روپے ہے، ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 176 روپے ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق مقامی مارکیٹس تک چینی پہنچانے میں اخراجات زیادہ آتے ہیں۔