پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی نے وفاق سے صوبے کے مالی حقوق کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ایف سی میں ہمارا جو حصہ بنتا ہے وفاق ہمیں ادا کرے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ این ایف سی میں خیبرپختونخوا کا حصہ 19 اعشاریہ 4 فیصد بنتا ہے، جس کے تحت صوبے کو 400 ارب روپے ملنے چاہئیں۔ وفاق اپنی ذمہ داری نبھائے، کے پی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ صوبہ بھر سے90فیصد عوامی مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت صوبے کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔اس دفعہ زیادہ ڈیلیور کرکے دکھائیں گے۔
بیوٹی فیکیشن پشاور منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ پشاورہم سب کاہے،اس کوخوبصورت ترین بنانا سب کی ذمہ داری ہے،دہشت گردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیاں کے پی کے عوام نے دی ہیں، نیٹ ہائیڈل پرافٹ میں ہمارے 2200 ارب روپے بقایا ہیں۔
پشاور بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت روڈزانفرااسٹرکچر کی بحالی،اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور بیوٹیفیکیشن سمیت دیگر اقدامات کیے جائیں گے جبکہ ٹریفک رش کم کرنے کے لیے اقدامات،مجسموں کی تنصیب،گرین ایریاز ڈویلپمنٹ بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے تیسری بار عمران خان کے نظریے کو ووٹ دیا ہم انہیں جتنی سہولت دے سکتے ہیں دیں گے۔ خیبرپختونخوا میں جتنے قوانین اور پالیسیاں بنیں گی انکا محور صرف عوام کی فلاح و بہبود اور عوامی مفاد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ نادان انگلی اٹھاتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں این ایف سی کا ایک فیصد مل رہا ہے لیکن دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں بھی خیبر پختونخوا نے دیں۔

