آزادکشمیر،وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ پیر کو ہوگی

مظفرآباد/ہٹیاں بالا/ حویلی میرپور:آزادکشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل اور موجودہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کیلئے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے منعقد ہوگا، اجلاس کی صدارت اسپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبر کریں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی جانب سے وزیراعظم چودھری انوارالحق کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر بحث اور رائے شماری ہو گی،ذرائع کے مطابق وزیراعظم چودھری انوارالحق وزارت عظمیٰ کے منصب سے استعفا دینے کیلئے مشاورت کر رہے ہیں،ان کے استعفے کی صورت میں طلب کردہ اجلاس میں نئے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

نئے وزیراعظم کے انتخاب اور حکومت سازی کیلئے جملہ انتظامات مکمل ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے نئے وزیراعظم کیلئے فیصل ممتاز راٹھور کونامزد کردیا ہے،نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد حلف برداری کی تقریب منعقد ہو گی ، جب کہ نئی کابینہ کی تشکیل بھی فوری طور پر متوقع ہے۔

ابتدائی طورپر 16 وزیر ،2مشیر اور دو معاون خصوصی مقرر کیے جائیں گی ، 16وزراء پر مشتمل کابینہ باضابطہ طورپر حلف اٹھائے گی ، وزیراعظم اور وزراء کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہو گی ۔متوقع وزراء میں پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر چودھری یاسین کے بیٹے عامر یاسین کو وزارت لوکل گورنمنٹ سونپے جانے کی مبینہ اطلاعات ہیں۔

دیگر وزراء میں میاں وحید ، جاوید ایوب ، چودھری رشید ، چودھری ارشد ، یاسر سلطان، جاوید بڈھانوی،ملک ظفر،چودھری اخلاق، قاسم مجید،بازل نقوی،نبیلہ ایوب،دیوان چغتائی،سردار محمد حسین،فہیم ربانی،ضیاء القمر اور رفیق نیر کے نام شامل ہیں جبکہ عبدالماجد خان اور چودھری اکبر ابراہیم کے کابینہ میں شامل ہونے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے،چودھری انوارالحق اور ان کا گروپ حکومت کا ساتھ دے گا یااپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گا فیصلہ جلد متوقع ہے ۔

تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے 27 ارکان کی عددی اکثریت درکار ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کو اس وقت 37 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، پیپلزپارٹی کے 17 ارکان ہیں، فارورڈ بلاک کے 11 اور مسلم لیگ (ن )کے 9 ارکان تحریک عدم اعتماد کی حمایت کر رہے ہیں۔

جموں و کشمیر پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس کی اسمبلی میں ایک، ایک نشست موجود ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 5 ہے۔ادھرآزاد جموں و کشمیر کے وزیر تعلیم ا سکولز دیوان علی چغتائی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔آزاد جموں و کشمیر میں وزیراعظم انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کو مزید ایک رکن کی حمایت مل گئی۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کے خلاف قانون ساز اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جواں سال پارلیمنٹیرین راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قائد ایوان نامزدگی پر پورے آزاد کشمیر میں یوم تشکر منایا گیا۔

مظفرآباد،ہٹیاں بالا،نیلم،ویلی باغ،حویلی،راولاکوٹ،بھمبر،کوٹلی میرپور کے علاوہ مہاجرین مقیم پاکستان اور بیرون ممالک جشن کی تقریبات جاری ہیں۔