کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان مختلف اضلاع میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرچکے تھے۔**
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر صوبے کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کی گئیں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد گرفتار کرلئے، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کیخلاف 7 مقدمات درج کرکے تفتیش شرع کردی گئی ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو فیصل آباد، گوجرنوالا، بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ سے ہے۔
ترجمان کے مطاق دہشت گردوں سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے صوبہ بھر میں 153 کومبنگ آپریشنز کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کا نیٹ ورک حساس اضلاع میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی مکمل کرچکا تھا۔

