مستعفی ججزنے سیاسی بیان دئیے، اس میں کوئی دلیل نہیں ، رانا ثنا اللہ

اسلا م آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثنااللہ نے کہا ہے کہ مستعفی ججوں نے سیاسی بیان دیتے ہوئے کہا آئین پر حملہ ہوا ہے ، دونوں مستعفی ججوں نے جو بیان دئیے اس میں کوئی دلیل نہیں ہے۔
ایک انٹرویو میں راناثنااللہ نے کہا کہ مستعفی ججوں کے بیان سیاسی اور ذاتی ایجنڈے پر مبنی ہیں، مستعفی جج ترامیم کرنے پر پارلیمنٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں ترامیم کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے لیکن مستعفی جج تنقید کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستعفی جج کوئی ایک بات تو بتائیں کہ کس طرح آئین کو نقصان ہوا، صرف ایک مثال دی گئی کہ ٹرانسفر کی وجہ سے عدلیہ محدود ہو گئی، ججز کا ٹرانسفر عدلیہ ہی کرے گی کسی اور کا عمل دخل نہیں ہو گا ججز کے ٹرانسفر میں حکومت یا کابینہ کا کوئی عمل دخل نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم میں تمام جماعتیں ساتھ تھیں دوتہائی اکثریت ملی، سپریم کورٹ کے ججز نے گزشتہ 10سال میں کوئی حکومت چلنے نہیں دی، سابقہ ججز کبھی سوموٹو کے ذریعے ڈیم بناتے تھے کبھی چینی کی قیمت مقرر کرتے تھے سابقہ ججز نے آئین کی تشریح کے بہانے اسے ری رائٹ کیا۔مشیر نے کہا کہ ہم عرصے سے کہتے آرہے تھے کہ آئینی عدالت کی ضرورت ہے کیا عام شہری کو انصاف فراہم کرنا عدالت کی ذمہ داری نہیں ہے، لوگ 10،10 سال انصاف کے منتظر ہوتے ہیں لیکن انصاف نہیں ملتا۔