پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے برطانوی جریدہ دی اکانومسٹ کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے متعلق رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف عالمی فورم پر جانے کا اعلان کردیا۔
خیبرپختونخوا حکومت کے وزیر اطلاعات شفیع اللّٰہ جان نے اپنے بیان میں کہا کہ دی اکانومسٹ میں شائع حالیہ رپورٹ حقائق کے منافی، غیر مصدقہ کہانیوں اور سیاسی پروپیگنڈے پر مبنی ہے جس میں عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی طرز حکمرانی کو جانب دارانہ انداز میں مسخ کر کے پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں سنسنی خیز الزامات، گم نام ذرائع، گھریلو عملے کی افواہوں اور سیاسی مخالفین کے بیانات کو ”حقیقت” بنا کر پیش کیا گیا ہے، جو صحافتی اصولوں کے سراسر منافی ہے، گھریلو معاملات سے متعلق افواہوں کو تجزیے کا حصہ بنانا قابل مذمت ہے۔شفیع جان نے کہا کہ سیاسی کردار کشی کے لیے اس نوعیت کی داستانیں تراشنا غیرسنجیدہ صحافت ہے، بشریٰ بی بی کی حکومتی معاملات میں مداخلت کا دعویٰ بے بنیاد یے، وفاقی کابینہ، اقتصادی رابطہ کمیٹی، قومی سلامتی کمیٹی اور پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ موجود ہے اور یہ ریکارڈ ان دعوؤں کی تردید کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی سرکاری افسر یا ادارے نے کبھی ایسی مداخلت کی شکایت نہیں کی، مسلم لیگ (ن) والے خان سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ روز روز کوئی نہ کوئی ڈراما رچاتے ہیں، اس مینڈیٹ چور ٹولے کو پاکستانی عوام نے مسترد کیا ہے تو اب صحافت کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عمران کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے، ایک طرف بے گناہ بشریٰ بی بی کو قید میں رکھا گیا ہے اور دوسری طرف یہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کردار کشی کر رہے ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ دی اکانومسٹ نے جو آرٹیکل شائع کیا ہے ہم ضرور اس کی خلاف عالمی فورم پر جائیں گے۔

