Cylinder Blast in Peshawar

پشاور میں سلنڈر دھماکے سے گھر گرگیا، دو بچے جاں بحق

پشاور: پشاور میں سلنڈر دھماکے کے سبب مکان گرگیا، امدادی ادارے نے جدوجہد کے بعد دو بچوں کی لاشیں اور دو بچوں کو زخمی حالت میں نکال لیا، ملبے میں ایک بچے کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو 1122 پشاور کے مطابق دھماکا کوہاٹ روڈ شریف آباد میں واقع گھر کے اندر ہوا، مقامی افراد کے مطابق دھماکا سلنڈر کا تھا جس کے سبب چھت گری اور گھر کے اندر بچے موجود تھے۔ واقعے کے بعد امدادی ادارے نے اپنا کام شروع کردیا اور ایک زخمی کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا۔

امدادی ادارے کے مطابق کوہاٹ روڈ دورہ چوک گلی نمبر 4 میں ہونے والے گیس لیکج / سلنڈر دھماکے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خود سرچ آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں، اب تک 4 بچوں کو ملبے کے نیچے سے نکالا گیا ہے جن میں سے دو جاں بحق ہوچکے ہیں اور دو زخمی ہیں، ایک لاپتا بچے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو 1122 کی 8 ایمبولینسز، 3 ریسکیو ویکلز، 72 ریسکیو اہل کار آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔