ای سی سی نے سندھ کی شوگرملوں کو چینی برآمد کرنے کی اجازت دیدی

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 12 جون کے بعد باقی ماندہ کوٹہ کے تحت سندھ کی شوگر ملوں کو60 یوم کے اندر32 ہزارمیٹرک ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دیدی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس ہوا، جس میں وزارت تجارت کی جانب سے سندھ میں شوگرملوں کیلئے چینی کی برآمد کی مدت میں اضافہ سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ ای سی سی نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 12 جون کے بعد باقی ماندہ کوٹہ کے تحت 60 یوم کے اندر32 ہزارمیٹرک ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دیدی.

اجلاس میں وزارت ریلویز کی جانب سے پاکستان ریلویز کے واجبات اور عملہ کوتنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق گرانٹ کے تحت اضافی فنڈز کی فراہمی سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ ای سی سی نے شارٹ فال کے مسئلہ سے نمٹنے اور بلاتعطل ریلویز کے آپریشنز جاری رکھنے کیلئے اضافی 2.5 ارب روپے کی اضافی گرانٹ دینے کافیصلہ کیا۔

اجلاس میں جاری مالی سال میں صوبوں کے مصارف اور مستقبل کی ضروریات کی مد میں وزارت خزانہ کیلئے 250 ارب روپے، صوبوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی مد میں وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کیلئے 3.628 ارب روپے، ای آرای واجبات کی مد میں وزارت ہائوسنگ کیلئے 172 ملین روپے کی منظوری دیدی۔

ای سی سی نے 16 ترقیاتی منصوبوں کی مد میں وزارت ہائوسنگ کیلئے 1200 ملین روپے اورریکوڈک پراجیکٹ میں بلوچستان منرل ریسورسزلمیٹڈ کے ضمن میں حکومت پاکستان کی کمٹمنٹ کے طور پروزارت توانائی کیلئے 1238 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی۔