پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری میں اسپیکر قومی اسمبلی کے رکاوٹ بننے کا انکشاف

راولپنڈی: 9 مئی واقعات پر گوجر خان شہر میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں نہ ہونے کی وجہ سامنے آگئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے بھائی کی ویڈیو سامنے آگئی۔ راجہ جاوید اشرف کہہ رہے ہیں کہ گوجر خان میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو اسپیکر قومی اسمبلی کے دباؤ پر گرفتار نہ کیا گیا، کیونکہ راجہ پرویز اشرف نے کہا تھا کسی نے انہیں ووٹ دیا یا نہ دیا، گوجر خان میں گرفتاری نہیں ہو گی۔

راجہ جاوید اشرف نے سیاسی اجتماع میں تقریر کے دوران ایس ایچ او گوجر خان کو بھی کھڑا کر دیا اور ان سے پوچھا کہ ایس ایچ او گوجر خان کھڑے ہو کر بتائیں گرفتاریوں سے روکا یا نہیں؟۔ اس پر ایس ایچ او گوجر خان نے کھڑے ہو کر بتایا انہیں گرفتاریوں سے منع کیا گیا تھا۔