سینئر سیاستدان ہمایوں اختر خان نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا۔
ٹویٹر پیغام میں ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کرآج تک ہمارے خاندان کا پاک فوج سے لازوال تعلق ہے۔ شہید اخترعبدالرحمن جس فوج کے جرنیل تھے اس پر ہمیں فخر ہے اور ہمیشہ رہے گ.
ہمایوں اختر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات نے ہمارے خاندان کو بھی انتہائی افسردہ کیا، ہمارے شہدا کا لہو اور قربانیاں یہ قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید کی اولاد ہونے کے ناطے پرتشدد واقعات میرے لیے شدید باعثِ رنج تھا، میرے لیے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعلق جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، لہذا میں پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ آج سابق وفاقی وزیر غلام سرور نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے، غلام سرور کا کہنا ہے کہ مجھے اور خاندان کو سیاست میں 50 سال ہوگئے ہیں، یادگار شہدا اور جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاوس پر حملہ کرنے والے دشمنی کے مرتکب ہوئے، اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کی بھی مذمت کرتا ہوں۔

