کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔
حیدرآباد
یونین کمیٹی 125 حسین آباد میں پیپلزپارٹی کے برکت ببر 472 ووٹ لیکرکامیاب ہوگئے۔
دادو
وارڈ 5 میں پیپلزپارٹی کے قربان علی چانڈیو کامیاب ہوگئے۔ وارڈ 17 میں تحریک انصاف کے امیدوار شاہد زئونر 795 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر آگئے۔
کراچی
ماڈل ٹاؤن کی یوسی 6 آصف اسکول کے پولنگ اسٹیشن پر جماعت اسلامی کو 785 اور پی ٹی آئی کو 529 ووٹ ملے۔
مٹیاری
ٹاؤن کمیٹی کے 7 وارڈ میں سے جی ڈی اے 4 پر اور پیپلز پارٹی 3 پر کامیاب ہوگئی۔
بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ 5 بجے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔
ٹرن آؤٹ کم رہا
الیکشن کے بار بار التوا اور آخری وقت تک غیریقینی صورتحال کے باعث توقع کے مطابق ٹرن آؤٹ کم رہا اور صبح سے دوپہر تک بہت کم لوگ ووٹ کاسٹ کرنے باہر نکلے۔ تاہم حسب معمول شام کو کچھ رش دیکھنے میں آیا، اگرچہ وہ بھی معمول سے کم تھا۔
پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ پی ٹی آئی نے پولنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست کی تھی جسے مسترد کردیا گیا۔