کراچی:کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن میں ایک بزرگ شہری نالے میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔
کھلے گٹر اور نالوں میں بچوں کے گرنے کے واقعات کے ساتھ ساتھ اب بزرگ شہری بھی کراچی کے نہایت غیر محفوظ نالہ سسٹم کے ہاتھوں جان سے محروم ہونے لگے ہیں۔واقعے کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام کرآگئی۔
فوٹیج میں 80 سالہ بزرگ شہری کو سڑک پر چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے،اندھیری سڑک پر سائیکل پر سامان لادے شہری پیدل جا رہا تھا کہ اچانک نالے میں جا گرا اور پھر خود کو نکال نہیں پایا، رات کے وقت سڑک پر گزرتے شہری بھی انھیں نہیں دیکھ پائے۔
متوفی زمان ٹاؤن سیکٹر 34 تھری کا رہائشی تھا، شہریوں کا کہنا ہے کہ حادثہ نالے کی حفاظتی دیوار نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شہری جھونپڑ پٹی میں فیملی کے ساتھ رہتا اور کچرہ گتے جمع کر کے اپنا گزارا کرتا تھا۔
علاقہ چیئرمین اور کونسلر نے اس واقعے کا الزام میئر کراچی پر ڈال دیا، جب کہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بزرگ شہری نالے میں گرنے کے 6 گھنٹے تک کوئی پوچھنے نہیں آیا، تا حال اسسٹنٹ کمشنر یا ڈپٹی کمشنر نے بھی جائے وقوعہ کا وزٹ نہیں کیا، چھ گھنٹے بعد ہی یو سی والے آئے اور ویڈیو بنا کر واپس چلے گئے۔
متوفی کالے خان کے 8 بیٹے اور بیٹیاں ہیں، کالے خان اپنے 4 بچوں کے ساتھ جھونپڑی میں رہتا تھا، متوفی کاٹ کباڑ، گتے اور دیگر اشیا فروخت کر کے گزارا کرتا تھا۔

