دھند کا راج،مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات،8 افراد جاں بحق

صادق آباد/حیدر آباد/ جھنگ:شدید دھند کے باعث مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں8افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہو گئے۔

جھنگ میں کوئٹہ جانے والی مسافر بس ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ چار زخمی ہو گئے۔اوچ شریف میں بس اور ٹریلر میں تصادم کے باعث خاتون اور بچہ جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے، لیاقت پور میں دھند کے باعث کار کھالے میں جاگری جس سے دو سالہ بچے سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔

صادق آباد میں دھند کے باعث شوگر ملز کی بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق، 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔جامشورو انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور سوزوکی پک اپ میں تصادم کے باعث ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو عملہ کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا،حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کے ڈیرے برقرارہیں،موٹرویز متعدد مقامات سے بند کر دی گئی ہے۔

موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار، ایم 3 فیض پور سے رجانہ تک بند کر دی گئی ہے،موٹروے ایم 4پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور ایم 5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند کی گئی ہے۔قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال میں دھند کا راج رہا، اس کے علاوہ چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان ا ور صادق آباد میں بھی دھند کے ڈیرے رہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شہری غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔