جھوٹ اور منافقت تحریک انتشار کا وطیرہ بن چکا،وزیراطلاعات

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جھوٹ اور منافقت تحریک انتشار کا وطیرہ بن چکا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وفاقی وزیر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے درست کہا کہ یہ انتشاری روز فوج اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کو آئینہ دکھایا ہے کہ شخصیت پرستی اور سیاسی مفاد کی خاطر یہ ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق جیتنے والی فوج کو بدنام کر کے دشمن کے بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں، ذلت ان کا مقدر ہوگی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی اڈیالہ آئے تو انہیں واپس جانے کا کہا جائے گا،سہیل آفریدی کو پہلے ناکے سے ہی واپس بھیج دیا جائیگا۔ایک انٹر ویو میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں آئیں تو ان کی گرفتاری کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہیں کہ وہ تحریک انصاف کے بانی کے بیانیے کے ساتھ نہیں تو ان سے بات ہو سکتی ہے۔

دریں اثناء لاہور میں لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ایک ذہنی مریض ہے، ان کی پارٹی والے کہتے ہیں کہ خان نہیں تو کچھ نہیں، ہم لعنت بھیجتے ہیں ایسی سوچ پر، کیوں کہ پاکستان نہیں تو کچھ نہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ایک جماعت کی ساڑھے 12 سال سے حکومت ہے اور وہ صوبے میں ایک بھی ترقیاتی کام نہیں کراسکی، صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا کو کھنڈر بنا دیا ہے تحریک انصاف کی حکومت اپنے صوبے میں ایک اسپتال بھی نہ بنا سکی جب کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں فرانزک لیب جیسا بڑا منصوبہ بنایا اور بے شمار ترقیاتی کام کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں بزدار پلس پلس کی حکومت کا جلسہ عوام نے مسترد کر دیا، جیل میں قید ذہنی مریض نے 190 ملین پانڈ کی میگا کرپشن کی ہے، اس شخص نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا، یہ شخص اسپتال اور فلاحی منصوبوں کے فنڈز تک کھا گیا۔

معرکہ حق میں پاک فوج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، ہماری فوج سے بھارت خوف کھاتا ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دشمن پر خوف طاری ہے۔